ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے جس کے باعث سونا آج مزید ہزاروں روپے سستا ہوگیا۔
گزشتہ روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 13 ماہ بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ روپے سے نیچے آگئی تھی ۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 3ہزار 700 روپے کم ہوگئی جس کے بعد ایک تولہ سونا 3لاکھ 95ہزار 236 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونا 3ہزار 172 روپے سستا ہوا جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 3لاکھ 38ہزار 851 روپے کی سطح پر آگئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج فی اونس سونے کی قیمت مزید 37ڈالر کی کمی سے 3ہزار 727ڈالرہوگئی۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


