امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان سہ فریقی ملاقات ختم ہوگئی ہے۔ اس دوران یوکرین جنگ اور جوہری ہتھیاروں سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایشیا پیسیفک سربراہی اجلاس (اے پیک) کے موقع پر چین کے شہر شینژن کے ایک ولا میں بڑی گول میز کے گرد بیٹھ کر دنیا کی تین بڑی جوہری طاقتوں کے سربراہوں نے باری باری گفتگو کی۔

بات چیت کے موقع سے فائدہ نہ اٹھا کر کبھی امن قائم نہیں ہو سکتا، ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ”ہم واقعی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ ہم تینوں کے پاس بات چیت کے لیے بہت سے اہم معاملات ہیں۔“
ان کا کہنا تھا کہ ”بات چیت کے مواقع سے فائدہ نہ اٹھا کر کبھی امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔“
روس، چین اور امریکا مل کر عالمی استحکام مضبوط بنا سکتے ہیں، پیوٹن
روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان علاقائی تنازعات کے حل میں کئی مشترکہ مفادات ہیں، جن میں ظاہر ہے یوکرین کا تنازع بھی شامل ہے۔
پیوٹن نے کہا کہ اگر روس، چین اور امریکا تعمیری انداز میں مل کر کام کریں تو وہ عالمی استحکام کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔
شی جن پنگ کا جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کا مطالبہ
سہ فریقی ملاقات میں گفتگو کے دوران شی جن پنگ نے دیگر رہنماؤں پر زور دیا کہ جوہری ہتھیاروں پر پابندی ہونی چاہیے اور انہیں مکمل طور پر تلف کر دینا چاہیے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’شنہوا‘ کے مطابق صدر شی نے کہا کہ جوہری ہتھیار انسانیت کے سر پر لٹکتی ہوئی تلوار ہیں۔ جوہری ہتھیاروں پر جامع پابندی عائد ہونی چاہیے اور انہیں مکمل طور پر ختم کر دینا چاہیے تاکہ دنیا کو ان ہتھیاروں سے پاک بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جوہری جنگ کبھی جیتی نہیں جا سکتی اور نہ ہی اسے کبھی لڑنا چاہیے۔ ان کے بقول جوہری جنگ روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ضروری ہے۔
بیجنگ کئی برسوں سے اپنے جوہری پروگرام پر واشنگٹن کے ساتھ براہِ راست بات چیت سے گریز کرتا آیا ہے۔ اس کا مؤقف رہا ہے کہ بڑے جوہری ذخائر رکھنے کے باعث امریکا اور روس کو اس معاملے پر براہِ راست بات کرنی چاہیے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا معاملہ بھی ان موضوعات میں شامل تھا جن پر وہ شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوٹن سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
صدر شی نے کہا کہ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ جب بڑی طاقتیں ہم آہنگی کے ساتھ رہتی ہیں تو دنیا میں امن ہوتا ہے، لیکن جب بڑی طاقتیں آپس میں ٹکراتی ہیں تو دنیا بدامنی کا شکار ہو جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تینوں رہنماؤں کی یہ غیر معمولی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔

اس سہ فریقی ملاقات سے قبل ٹرمپ نے شی اور پیوٹن سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی تھی اور دونوں رہنماؤں کو اپنا دوست قرار دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اور شی جن پنگ دونوں اس بات پر زور دیتے ہیں کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل جاری رہنی چاہیے، جو ایران جنگ کے باعث متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دو روزہ سربراہی اجلاس کے دوران اب تک شی جن پنگ نے اپنے کسی بیان میں یوکرین یا ایران کا ذکر نہیں کیا۔
