نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف نے میانمار کی سکیورٹی فورسز کو روہنگیا مسلم اقلیت کے ہزاروں شہریوں کو قتل کرنے اور بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کا ارتکاب کرنے کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں گیمبیا کی جانب سے میانمار کے خلاف نسل کشی کے الزامات پر دائر مقدمے کا فیصلہ ابھی سنایا جا رہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ میانمار کی فورسز نے بچوں کے خلاف بھی انتہائی تشدد کیا اور بنگلہ دیش فرار ہونے کی کوشش کرنے والے روہنگیا مسلمانوں پر حملے کیے۔
ICJ verdict in Myanmar Rohingya genocide case https://t.co/jYJygPy2MA
— Reuters (@Reuters) November 19, 2026
فیصلہ جرات مندانہ اور مستقبل کیلئے اہم ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکرٹری جنرل ایگنس کالامارڈ نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت اس نتیجے پر پوری طرح مطمئن ہے کہ میانمار نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کی۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے نسل کشی کے ارادے سے متعلق پیچیدہ قانونی دلائل پیش کیے جو شواہد اور مضبوط قانونی بنیادوں پر استوار ہیں۔
Genocide.
The international Court of Justice is fully convinced that Myanmar committed genocide against the Rohingya.
Complex and well presented lines of arguments on genocidal intent. Many implications for jurisprudence and future trials.
Well evidenced and well argued finding. Courageous too in view of the threats and pressure.
— Agnes Callamard (@AgnesCallamard) November 19, 2026
ان کے مطابق یہ فیصلہ عالمی قوانین اور مستقبل میں نسل کشی کے مقدمات کی سماعت پر بھی اہم اثرات مرتب کرے گا۔ ایگنس کالامارڈ نے فیصلے کو جرات مندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عدالت کو دھمکیوں اور دباؤ کا سامنا تھا۔
عالمی عدالت انصاف میں رونگیا مسلمانوں کا مقدمہ کیسے شروع ہوا؟
گیمبیا نے 2019 میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 57 رکن ممالک کی حمایت سے عالمی عدالت انصاف میں میانمار کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ میانمار کی فوج نے 2017 میں ریاست راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کارروائی کے دوران نسل کشی کے جرم کا ارتکاب کیا۔
اگست 2017 میں میانمار کی فوج نے روہنگیا عسکریت پسند گروپ کی جانب سے تقریباً 30 پولیس چوکیوں اور ایک فوجی اڈے پر حملوں کے بعد کارروائی شروع کی تھی۔ اس کے نتیجے میں 7 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ روہنگیا مسلمان اپنا گھر بار چھوڑ کر پڑوسی ملک بنگلہ دیش فرار ہوگئے تھے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق اس کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر قتل، اجتماعی زیادتی، تشدد اور سیکڑوں دیہات جلانے کے واقعات پیش آئے تھے۔ میانمار کی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔
عالمی عدالت کے سابقہ احکامات
عالمی عدالت انصاف نے جنوری 2020 میں میانمار کو حکم دیا تھا کہ وہ ملک میں باقی رہ جانے والے روہنگیا مسلمانوں کو ممکنہ نسل کشی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے اور اس حوالے سے شواہد محفوظ رکھے۔
میانمار کی سابق رہنما آنگ سان سوچی نے 2019 میں عالمی عدالت میں پیش ہو کر نسل کشی کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے جولائی 2022 میں قرار دیا تھا کہ اسے گیمبیا کی جانب سے دائر مقدمے کی سماعت کا اختیار حاصل ہے اور مقدمہ قابلِ سماعت ہے۔
روہنگیا مسلمانوں کی موجودہ صورتحال
رائٹرز کے مطابق اس وقت جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں 13 لاکھ سے زیادہ روہنگیا بے گھر ہیں جن میں تقریباً 12 لاکھ بنگلہ دیش کے علاقے کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہیں۔
فروری 2021 میں میانمار کی فوج نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد ملک میں خانہ جنگی شروع ہوگئی۔ نومبر 2023 میں ریاست راخائن میں میانمار کی فوج اور آراکان آرمی کے درمیان دوبارہ لڑائی شروع ہوئی جس کے باعث مزید روہنگیا شہریوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔
انسانی امدادی اداروں کے مطابق راخائن میں جاری لڑائی کے باعث روہنگیا پناہ گزینوں کی محفوظ واپسی کے لیے فی الحال حالات مناسب نہیں۔ میانمار میں روہنگیا برادری کو طویل عرصے سے شہریت کے حقوق بھی حاصل نہیں ہیں جبکہ 2018 اور 2019 میں انہیں واپس بھیجنے کی کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوسکی تھیں۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
