اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے طالب علم کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے کارروائی شروع کرنے سے متعلق دائر درخواست پر چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچویں سمسٹر کے طالب علم سفیان عباسی کو 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب ہاسٹل کے سامنے آوارہ کتے نے کاٹا تھا۔ درخواست کے مطابق طالب علم میں 15 نومبر کو ریبیز وائرس کی تشخیص ہوئی اور وہ 17 نومبر کو وفات پا گیا تھا۔
اس واقعہ کے بعد درخواست گزار سجاد بلوچ ایڈووکیٹ نے ذاتی حیثیت میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر آج جسٹس ایاز شوکت نے سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل سجاد بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں ایک طالب علم کی آوارہ کتے کے کاٹنے سے موت ہوئی ہے جبکہ پاکستان نے ورلڈ آرگنائزیشن فار اینیمل ہیلتھ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں جو آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ وفاقی دارالحکومت سے آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے کارروائی کا حکم دیا جائے۔
جسٹس ایاز شوکت نے درخواست گزار کا مؤقف سننے کے بعد ریمارکس دیے کہ وہ اس معاملے پر ہدایات جاری کردیتے ہیں تاکہ اس کا جلد سدباب ہوسکے۔
عدالت نے درخواست چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اس پر فیصلہ کریں۔
دائر درخواست کے اہم نکات
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے اسلام آباد کے شہری آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، شہر کی سڑکوں، پارکوں اور گلیوں میں آوارہ کتوں کی موجودگی سے بالخصوص اسکول جانے والے بچوں، بزرگوں اور پیدل چلنے والوں کو خطرات لاحق ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق کتوں کے کاٹنے اور حملوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی قلت نے صورتحال مزید تشویش ناک بنا دی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آوارہ کتوں کی وجہ سے شہریوں کو صحت عامہ کے خطرات خصوصاً ریبیز کا سامنا ہے۔
درخواست میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے پانچویں سمسٹر کے آئی ٹی طالب علم سفیان عباسی کے ساتھ پیش آئے واقعہ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکام آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر پالیسی نافذ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بزرگ شہری سڑکوں اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی موجودگی کے باعث محفوظ طریقے سے مساجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے نہیں جا سکتے جو ان کی نقل و حرکت اور مذہبی آزادی کو متاثر کر رہا ہے۔
درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت قومی صحت، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ حکام کو 10 روز کے اندر رہائشی علاقوں، سڑکوں، پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے آوارہ کتوں کو ہٹانے اور قانون کے مطابق انہیں مقررہ پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ آوارہ کتوں کی روک تھام اور انتظام کے لیے جامع اور پائیدار پالیسی تشکیل دینے اور اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔
سفیان عباسی کے انتقال پر طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ نے سفیان عباسی کے ساتھ پیش آئے واقعہ پر گزشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شرکا نے واقعہ کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کا تعین اور یونیورسٹی میں آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا مؤقف تھا کہ کیمپس بالخصوص ہاسٹلز کے اطراف آوارہ کتوں کی موجودگی طویل عرصے سے طلبہ کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھی اور انتظامیہ کو اس مسئلے سے بارہا آگاہ کیا گیا تھا لیکن مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
احتجاج کے دوران طلبہ نے سفیان عباسی کی ہلاکت پر انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ مظاہرین نے ملک بھر کی جامعات میں طلبہ یونینز کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا اور اس مقصد کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔
