بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس اور گیس باؤزر کے درمیان تصادم کے بعد آگ بھڑکنے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے۔
بدقسمت مسافر بس تربت سے کراچی جارہی تھی کہ مکران کوسٹل ہائی پر گیس باوٴزر کے ساتھ تصادم ہوگیا جس کے سبب بس اور باوٴزر میں آگ بھڑک اٹھی۔
مسافر کوچ سے 8 جبکہ گیس باؤزر سے 2افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، حادثے میں 27 زخمیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی موت جھلسنے کے باعث ہوئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں 3 بچے، باؤزر ڈرائیور اور کلینر شامل ہیں ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بلوچستان میں حالیہ ٹریفک حادثات
23 اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل کے قریب زیرو پوائنٹ کے مقام پر مسافر بس اور ویگن میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
بلوچستان کے علاقے بولان میں 11 اکتوبر کو قومی شاہراہ پر ٹرک اور مسافر وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔حادثہ مچھ کے قریب زمیندار ہوٹل کے نزدیک پیش آیا، جہاں ٹرک اور مسافر وین آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے نتیجے میں مسافر وین میں سوار افراد شدید متاثر ہوئے تھے۔
3 جولائی کو بلوچستان میں شیرانی کے علاقے دانہ سر میں المناک بس حادثے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
اس وقت معاون خصوصی شاہد رند نے بتایا تھا کہ حادثے کا شکار بس میں ایک دوسری خراب ہونے والی مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے جس کے باعث گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود تھے۔
المناک بس حادثے میں زخمی ہونے والے ایک مسافر نے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی بس میں سوار تھا۔ اس کے مطابق ڈرائیور نے مسافروں کو آگاہ کیے بغیر بس میں ڈیزل لوڈ کیا تھا تاہم بلوچستان کی آخری ایف سی چیک پوسٹ پر بس سے ڈیزل اتار دیا گیا۔


