نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ 2 روز کے دوران اسموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔
پنجاب میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی اسموگ کا مسئلہ سر اٹھا لیتا ہے، یہ فضائی آلودگی کی ایسی کیفیت ہے جس میں دھواں، گردوغبار، زہریلی گیسیں اور دیگر آلودہ ذرات فضا میں جمع ہوکر دھند جیسی تہہ بنا دیتے ہیں۔اسموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت بھی متحرک ہے، صوبے میں فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق لاہور، قصور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں اسموگ میں شدت کا امکان ہے۔اس کے علاوہ جھنگ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو اور بہاولپور میں بھی اسموگ متوقع ہے۔
این ای او سی نے اسموگ اور دھند کے باعث بالخصوص رات گئے اور صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ متاثر ہونے اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
عوام اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فضائی معیار اور حدِ نگاہ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔شہری دورانِ سفر احتیاط برتیں، ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
اسموگ کے انسانی صحت پر مختلف اثرات
اسموگ میں موجود زہریلے اور آلودہ ذرات انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں خصوصاً بچے، بزرگ اور پہلے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد اس سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
اسموگ کے باعث آنکھوں میں جلن اور پانی آنے، گلے میں خراش، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جبکہ دمہ اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا افراد کی تکالیف بڑھنے کے علاوہ دل اور خون کی شریانوں کے مریضوں کے لیے بھی خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
طویل عرصے تک آلودہ فضا میں رہنے سے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی رہتا ہے۔
اسموگ سے بچاؤ کے لیے کیا احتیاط کریں؟
ائیر کوالٹی انڈیکس پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسموگ سے بچاؤ کے لیے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور باہر جاتے وقت اچھی فٹنگ والا این 95 ماسک استعمال کریں۔
اس کے علاوہ فضائی آلودگی زیادہ ہونے کی صورت میں گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں، بچوں اور بزرگوں کو کھلی فضا میں ورزش سے روکیں اور گھروں میں سگریٹ نوشی سمیت دھواں پیدا کرنے والی سرگرمیوں سے اجتناب کریں۔ سانس لینے میں دشواری یا سینے میں تکلیف محسوس ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔

