حکومتی اتحاد کے ارکان کی مخالفت کے باوجود عرب رکن پارلیمنٹ احمد طیبی کو اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کا عارضی ڈپٹی اسپیکر مقرر کر دیا گیا۔
ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کی انتظامی کمیٹی نے 9 عارضی ڈپٹی اسپیکرز کی تقرری کی فہرست 9 کے مقابلے میں 13 ووٹوں سے منظور کر لی۔
احمد طیبی کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں کے درمیان حکومت سازی اور پارلیمانی عہدوں کے حصول کیلیے کشمکش جاری ہے۔ انتخابات میں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کو 53، گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد کو 48 جبکہ عرب جماعتوں کو مجموعی طور پر 19 نشستیں ملی تھیں۔ 120 رکنی پارلیمنٹ میں حکومت سازی کیلیے 61 نشستیں درکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن ارکان نے ڈپٹی اسپیکرز کی فہرست کی حمایت کی جبکہ حکومتی اتحاد کے ارکان نے اس کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ امیدواروں کے ناموں پر الگ الگ ووٹنگ کے بجائے ایک ہی مرتبہ ووٹ ڈالے گئے، جس کے نتیجے میں لیکوڈ اور الٹرا آرتھوڈوکس جماعتوں کے نمائندوں کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی، حالانکہ حکومتی اتحاد اس تجویز کی مخالفت کر رہا تھا۔
عارضی ڈپٹی اسپیکرز کی فہرست میں ایٹن گنزبرگ، احمد طیبی، یائر فنک، ولید طہٰ، لیمور سون ہار میلیخ، مائیکل مالکیلی، اودید فورر، یتزحاک پندروس اور بوعز بسموت شامل ہیں۔
BREAKING: The chairman of Israel’s Joint List party, Ahmed Tibi, has been elected deputy speaker of the Knesset https://t.co/56gq4rag9i https://t.co/bUbfJTG4zx
— Al Jazeera English (@AJEnglish) November 16, 2026
ووٹنگ سے قبل حکومتی اتحاد کے ارکان نے احمد طیبی کی تقرری پر اعتراضات اٹھائے تھے، تاہم اپوزیشن کی حمایت کے باعث فہرست میں شامل ناموں کی منظوری دے دی گئی۔
انتخابات میں کسی بھی بڑے سیاسی اتحاد کو حکومت بنانے کیلیے درکار 61 نشستوں کی سادہ اکثریت حاصل نہیں ہو سکی، جس کے باعث حکومت سازی کے لیے عرب جماعتوں کی حمایت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے 8 نومبر کو گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ انہیں حکومت سازی کیلیے ممکنہ طور پر 14 روز کی اضافی مہلت بھی دی جا سکتی ہے۔ اگر وہ اس مدت میں حکومت بنانے میں ناکام رہتے ہیں تو کنیسٹ کے کسی دوسرے رکن کو حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔
اسرائیل میں حکومت سازی کیلیے جاری سیاسی جوڑ توڑ کے دوران عرب جماعتوں کے کردار اور احمد طیبی کی ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر تقرری کو پارلیمانی سیاست میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
احمد طیبی عرب سیاسی جماعت تحریک برائے عرب تبدیلی (تعال) کے سربراہ ہیں اور 1999 سے اسرائیلی پارلیمنٹ کے رکن چلے آ رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی کنیسٹ کے ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
خیال رہے اسرائیلی پارلیمنٹ میں ڈپٹی اسپیکرز کا کردار اہم پارلیمانی کارروائیوں سے متعلق ہوتا ہے۔ وہ اسپیکر کی عدم موجودگی میں پارلیمانی اجلاس کی صدارت کرتے، ارکان کو بحث میں حصہ لینے کا موقع دیتے اور قانون سازی و ووٹنگ کے عمل کو آگے بڑھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرز پر مشتمل پریزیڈیم پارلیمنٹ کے ایجنڈے اور قانون سازی سے متعلق امور کی منظوری میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔



