امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری موجودہ حکومت کو ناجائز سمجھتے ہیں تو آصف علی زرداری صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے کہ حکومت یہ سب کچھ کر رہی ہے تو سوال یہ ہے کہ آصف علی زرداری کس کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے؟ اگر پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ موجودہ حکومت ناجائز ہے تو زرداری کو صدارت سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت بھی حکومت کا حصہ ہے اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کی صورت میں اس کی منظوری پر دستخط بلاول بھٹو کے والد نے ہی کیے تھے، خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کا گورنر ہی تمام معاملات چلا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلاول بھٹو نئے صوبوں کے قیام پر خون بہنے کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے 1972 میں لسانی بل لا کر فسادات کروائے تھے اور اس جماعت نے ہمیشہ جمہوریت پر شب خون مارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی فریم ورک کو سامنے رکھا جانا چاہیے۔ ایسا کوئی بھی طرز عمل جو ملک میں خون خرابے کا سبب بنے اس کی اصلاح ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2024 کے انتخابات کے نتائج سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہے، کراچی میں میئر کے انتخاب میں بھی ہیرا پھیری کی گئی جبکہ کراچی سے قومی اسمبلی کی پیپلز پارٹی کی 7 نشستیں ناجائز ہیں، بلاول بھٹو ان نشستوں کے فارم 45 دکھا دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آج پاکستان تحریک انصاف سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں تو سوال یہ ہے کہ انہوں نے ماضی میں پی ٹی آئی کی حکومت کیوں گرائی تھی؟
حافظ نعیم الرحمان نے سندھ میں کرپشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کرپشن جاری ہے۔
نئے صوبوں کے قیام کے طریقہ کار سے متعلق حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر آئین ریفرنڈم کی اجازت دیتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ نئے انتظامی یونٹس عوامی رائے اور آئینی طریقہ کار کے مطابق قائم ہونے چاہییں۔ کراچی اور لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی پرانی لسانی سیاست نہیں چل سکتی۔
انہوں نے ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات فوری کرانے اور مقامی حکومتوں کو آئینی طور پر اختیارات منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 2015 کے بعد سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے جبکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول چھٹی مرتبہ معطل کیا جا چکا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک اور دباؤ کے نتیجے میں حکومت کو پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کرنا پڑی۔ اگر عوام کو مزید ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی ملک بھر میں دوبارہ احتجاج اور دھرنے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی حکومت پر دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہے تاہم عوام کو حقیقی ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کسان پریشان ہیں، گنے کی کرشنگ ابھی تک شروع نہیں ہوئی اور نہ ہی قیمت مقرر کی گئی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گنے کی فی من ریٹ 700 روپے مقرر کیا جائے۔



