اگر آپ کے جسم سے ناگوار بدبو آتی ہے اور اس سے پریشان ہیں تو پریشان ہونے کے بجائے چند آسان کام کریں اور ہمیشہ کے لیے اس سے نجات پائیں۔
جسمانی بو کا تعلق صرف صفائی کی کمی یا زیادہ پسینہ آنے سے نہیں ہوتا، بلکہ جسمانی ساخت، جینیاتی عوامل، ہارمونز، خوراک، ادویات کا استعمال، جلد پر موجود بیکٹیریا اور بعض طبی بیماریاں بھی جسم سے بو کی وجہ ہو سکتی ہیں۔
طبی تحقیق کے مطابق جسمانی بو بذاتِ خود لازماً کسی بیماری کی علامت نہیں ہے۔ انسانی جسم میں ایک قدرتی حیاتیاتی نظام موجود ہے جو درجہ حرارت کو متوازن رکھنے اور جسم کے مختلف افعال کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم، اگر جسمانی بو اچانک تبدیل ہو جائے، غیر معمولی طور پر بڑھ جائے یا اس کے ساتھ دوسری علامات بھی ظاہر ہوں تو اس کی وجہ معلوم کرنا ضروری ہے۔
چوں کہ جسم کی بدبو ایک عام مسئلہ ہے جو ہر عمر کے لوگوں کو متاثر کرتا ہے اور اس کے لیے یہ ضروری نہیں کہ شدید گرمی اور پسینے کی صورت میں ہی جسم سے ناگوار بو آئے، بلکہ خشک جسم یا موسمِ سرما میں بھی جسم سے ایسی بو آ سکتی ہے جو ہمیں پریشان کرتی رہتی ہے۔
بعض اوقات ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ آپ نہا کر نئے کپڑے پہنیں لیکن اس میں بھی وہی بو آنا شروع ہو جائے جو اکثر آپ کو پریشان کیے رکھتی ہے۔ ایسا کیوں ہوتا ہے اور اس سے کس طرح چھٹکارا حاصل کیا جائے؟ اس بارے میں جاننے سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ جسم کی بو بنتی کیسے ہے۔
جسمانی بو کیا ہے؟
طبی مسائل پر تحقیق کرنے والے غیر منافع بخش امریکی ادارے کلیولینڈ کلینک کی ایک رپورٹ کے مطابق جسمانی بو کو طبی اصطلاح میں باڈی اوڈور (Body Odor) کہا جاتا ہے۔ یہ ایسی کیفیت ہے جس میں جسم سے خارج ہونے والے پیسینے کے ساتھ جسم پر موجود بیکٹیریا مل جاتے ہیں اور اس کے نتیجے میں ایک مخصوص بو پیدا ہوتی ہے۔ یہ بو بعض افراد میں معمولی اور بعض میں نسبتاً زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
آپ کے جسم کی بدبو آپ کی روزہ مرہ کی طرزِ زندگی کی وجہ سے تبدیل بھی ہو سکتی ہے اور اس تبدیلی کی وجہ آپ کی خوراک، ہارمونز، انفیکشن، ادویات یا مختلف امراض بھی اس کا سبب ہو سکتے ہیں۔
جسمانی بو کی نوعیت مختلف ہو سکتی ہے، مثلاً کسی شخص کے جسم سے آنے والی بو پیاز جیسی ہو سکتی ہے یا کسی کے جسم سے کھٹی یا تیز بو آ سکتی ہے۔ بعض حالات میں جسم سے آنے والی بو میٹھی یا پھلوں جیسی ہوتی ہے جب کہ بعض حالات میں باسی یا ناگوار بو بھی ہوتی ہے۔
انسانی جلد پر قدرتی طور پر مختلف اقسام کے بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں۔ یہ بیکٹیریا جلد کے قدرتی ماحول کا حصہ ہیں اور ان کی موجودگی نقصان دہ نہیں ہوتی۔ البتہ جسم سے آنے والی بو کی نوعیت اس بات پر منحصر ہوتی ہے کہ جلد پر کون سے بیکٹیریا موجود ہیں اور وہ پسینے میں شامل مادوں کو کس طرح تبدیل کرتے ہیں۔

کلیولینڈ کلینک کے مطابق انسانی جسم میں پسینہ پیدا کرنے والے دو اہم قسم کے غدود ہوتے ہیں۔ پہلا ایکرائن غدود، جو جسم کے تقریباً تمام حصوں میں پائے جاتے ہیں۔ جیسے ہتھیلیوں، پاؤں کے تلووں اور پیشانی پر۔ ان کا بنیادی کام جسم کا درجہ حرارت متوازن رکھنا ہوتا ہے۔
ایکرائن غدود کا پسینہ زیادہ تر پانی اور نمکیات پر مشتمل ہوتا ہے اور عام طور پر خود نمایاں بدبو پیدا نہیں کرتا۔
پسینہ پیدا کرنے والے دوسرے غدود کو اپوکرائن کہا جاتا ہے۔ یہ غدود بغل اور جسم کے بعض مخصوص حصوں کے اطراف پائے جاتے ہیں۔ ان کا تعلق بالوں کی جڑوں سے ہوتا ہے اور ان سے خارج ہونے والے مادوں میں چکنائی اور پروٹین سمیت مختلف اجزا شامل ہوتے ہیں۔ جب جلد پر موجود بیکٹیریا ان اجزا سے ملتے ہیں تو جسمانی بو پیدا ہوسکتی ہے۔
اپوکرائن غدود بلوغت کے دوران زیادہ فعال ہوتے ہیں، اسی وجہ سے بچوں میں عموماً جسمانی بو کم ہوتی ہے اور بلوغت کے بعد اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ زیادہ پسینہ آنے کا مطلب لازماً زیادہ بدبو ہونا نہیں ہے۔ بعض افراد کو بہت زیادہ پسینہ آتا ہے لیکن ان کے جسم سے نمایاں بو پیدا نہیں ہوتی۔
جسم سے بو آنے کی وجوہات
برطانیہ کے طبی ادارے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے مطابق بہت زیادہ ورزش، گرم موسم، ذہنی دباؤ، جینیاتی عوامل اور ادویات کا استعمال جسمانی بو کی وجہ ہو سکتے ہیں۔
جسمانی مشقت اور گرم موسم میں جسم کا درجہ حرارت بڑھتا ہے، جس کے نتیجے میں پسینہ زیادہ خارج ہوتا ہے۔ اگر پسینہ جلد پر زیادہ دیر تک موجود رہے، کپڑے تبدیل نہ کیے جائیں یا جلد کی صفائی مناسب نہ ہو تو جسمانی بو زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔
اسی طرح ذہنی دباؤ کی صورت میں اعصابی نظام متحرک ہوتا ہے اور خصوصاً بغلوں میں موجود اپوکرائن غدود سے پسینہ خارج ہو سکتا ہے، جو بو کی وجہ بنتا ہے۔
بعض ادویات جسم میں پسینے کی مقدار یا اس کی کیمیائی خصوصیات کو تبدیل کر سکتی ہیں۔ مثال کے طور بعض اینٹی ڈپریسینٹ جسم میں پسینہ بڑھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض سپلیمنٹس اور ادویات بھی جسمانی بو میں تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں۔
اگر کسی نئی دوا کے استعمال کے بعد جسمانی بو یا پسینے میں تبدیلی محسوس ہو تو اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔ تجویز کردہ دوا خود سے بند نہیں کرنی چاہیے۔
بعض اوقات جسمانی بو میں تبدیلی کسی بنیادی طبی مسئلے کی طرف اشارہ کر سکتی ہے۔ تاہم، صرف بو کی بنیاد پر کسی بیماری کی تشخیص نہیں کی جا سکتی۔
بعض بیماریوں کی صورت میں بھی مریضوں کے جسم سے بو آتی ہے، جیسے ذیابیطس کے مریض یا گردوں اور جگر کے امراض کے شکار افراد کے جسم سے خاص بو آتی ہے۔
کیا خواتین اور مردوں میں جسمانی بو مختلف ہوتی ہے؟
مردوں اور عورتوں دونوں میں جسمانی بو پیدا ہو سکتی ہے۔ تاہم، ہارمونز، جینیاتی عوامل، جسمانی ساخت اور پسینے کے غدود کی سرگرمی کی وجہ سے اس کی شدت اور نوعیت مختلف ہو سکتی ہے۔
خواتین میں ماہواری اور حمل کے دوران ہارمونز کی تبدیلی پسینے اور جسمانی بو کو متاثر کر سکتی ہے۔
مردوں میں بھی ہارمونز اور جسمانی سرگرمی کے باعث پسینے اور بو میں فرق آ سکتا ہے۔ اس لیے جسمانی بو کو صرف کسی ایک جنس سے منسلک کرنا درست نہیں۔
کیا غذائیں بھی جسمانی بو پیدا کرتی ہیں؟
کلیولینڈ کلینک کے مطابق بعض غذائیں جسمانی بو پر اثر انداز ہو سکتی ہیں جن میں لہسن، پیاز، بند گوبھی، بروکلی، سرخ گوشت وغیرہ۔ اس کے علاوہ کیفین، الکوحل اور تیز مصالحے بھی پسینے کی مقدار بڑھا سکتے ہیں۔ اس طرح بالواسطہ طور پر جسمانی بو میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
تاہم، ہر شخص پر ان غذاؤں کا اثر یکساں نہیں ہوتا۔ کسی مخصوص غذا کو تمام افراد میں جسمانی بو کی وجہ قرار دینا بھی سائنسی طور پر درست نہیں ہوگا۔
علاج کس طرح کیا جائے؟
اگر جسمانی بو مستقل رہے، اچانک تبدیل ہو جائے یا روزمرہ زندگی کو متاثر کرے تو ڈاکٹر سے معائنہ کروانا مناسب ہے۔
جسمانی بو کا علاج اس کی بنیادی وجہ کے مطابق کیا جاتا ہے۔ بعض افراد میں روزمرہ صفائی اور طرزِ زندگی میں تبدیلی کافی ہوتی ہے، جب کہ بعض کو ادویات یا طبی طریقۂ علاج کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی ایسوسی ایشن کے مطابق اگر جسم کے مختلف حصوں میں زیادہ پسینہ آتا ہو تو ادویات دی جا سکتی ہیں۔ دیگر صورتوں میں سرجری کے ذریعے پسینہ پیدا کرنے والے غدود کو نکالا یا ان کے اعصابی سگنلز کو روکا جا سکتا ہے۔ علاج کا انتخاب مریض کی ضرورت اور بیماری کی شدت کے مطابق کیا جاتا ہے۔
جسمانی بو کو کم کرنے کے لیے جلد کی مناسب صفائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ روزانہ نہائیں،، بغلوں، پاؤں، رانوں اور جسم کی دیگر تہوں کو مناسب طریقے سے صاف کریں۔
صفائی کا مقصد جلد پر موجود اضافی پسینے اور بدبو پیدا کرنے والے مادوں کو دور کرنا ہے۔ ضرورت سے زیادہ سخت صابن یا بار بار رگڑنے سے جلد میں خشکی اور جلن پیدا ہو سکتی ہے۔
لباس بھی جسمانی بو کی شدت کو بڑھانے کی وجہ بن سکتا ہے۔ بہت زیادہ تنگ لباس سے گریز کریں اور سوتی کپڑوں کو ترجیح دیں۔ جرابیں باقاعدگی سے تبدیل کریں۔ پاؤں میں زیادہ پسینہ آنے کے شکار افراد مناسب جرابیں اور ہوا دار جوتوں کا استعمال کریں۔
کیا قدرتی طریقوں سے جسمانی بو ختم کی جا سکتی ہے؟
بعض افراد جسمانی بو کم کرنے کے لیے ٹوٹکے استعمال کرتے ہیں لیکن ان کی افادیت کے بارے میں سائنسی شواہد محدود ہیں۔
بیکنگ سوڈا کو بعض افراد بغلوں کی بو کم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ تاہم، یہ ہر شخص کے لیے موزوں نہیں اور جلد میں جلن پیدا کر سکتا ہے۔
اسی طرح لیموں کے رس کو بھی جسم پر لگا کر بعض افراد جسم کو خوشگوار یا بو کم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ لیموں میں سٹرک ایسڈ پایا جاتا ہے جسے براہِ راست جلد پر لگانے سے جلن ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ لیموں کے بعض اجزا دھوپ میں جلد کی حساسیت بڑھا سکتے ہیں۔
ان گھریلو ٹوٹکوں کو جسمانی بو کا مستند علاج قرار نہیں دیا جا سکتا۔ صفائی، مناسب اینٹی پرسپائرنٹ اور بنیادی وجہ کا علاج زیادہ قابلِ اعتماد طریقے ہیں۔
