وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس صاحبان کو جیل سے لکھا گیا خط حقائق کے منافی ہے، درحقیقت یہ خط این آر او کی درخواست ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلبگار ہیں۔
ایکس پر اپنے بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے، وہ سیاسی انتقام کے باعث نہیں بلکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کی وجہ سے جیل میں ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ جج صاحبان سے کوئی رعایت نہیں مانگتا، انصاف کے تقاضے کے طور پر میری صرف یہ درخواست ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے اور طبی حالت کے مطابق مناسب علاج فراہم کیا جائے۔ میں صرف اسی صورت اپنی بے گناہی ثابت کرسکوں گا جب زندہ رہوں گا۔ معزز جج صاحبان سے اپیل ہے کہ بہت دیر ہونے سے پہلے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔
وفاقی وزیر طارق فضل نے دعویٰ کیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے بجائے ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی، جبکہ اس کے بدلے ملک ریاض نے بانی پی ٹی آئی کو 450 کنال زمین تحفے میں دی۔ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس ٹھوس شواہد پر مبنی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط لکھا، وہ حقائق کے منافی ہے
یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلبگار ہیں
بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے
بانی پی ٹی آئی سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں، 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید ہیں
190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے، مگر ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے
ملک ریاض نے 190 ملین پاؤنڈ کے بدلے بانی پی ٹی آئی کو ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی
190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے
خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں
بانی پی ٹی آئی کی 22 گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے درست نہیں
بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں، ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے
بانی پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں
بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں
بانی پی ٹی آئی کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں
طبی ماہرین کی ضرورت پر بانی پی ٹی آئی کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے
بانی پی ٹی آئی کو آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولت کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا
ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا
بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر کے معائنے کے لیے لندن سے ایسے ڈاکٹر کو بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں
بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر تسلی بخش ہے
بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولتوں، طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے
حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی دیکھ بھال میں پہلے غفلت برتی، نہ آئندہ کسی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) November 16, 2026
وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں طبی سہولتیں فراہم نہ کرنے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں 22 گھنٹے تنہا رکھنے، کتابیں اور ٹی وی کی سہولت نہ دینے کے دعوے درست نہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولتیں اور ان کی پسند کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں اور ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے بھی درست نہیں۔ طبی ماہرین ہفتہ وار بنیادوں پر بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کرتے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر جیل سے باہر بھی طبی معائنہ کرایا جاتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا 8 مرتبہ پمز اسپتال میں طبی معائنہ کرایا جا چکا ہے اور ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ بلڈ پریشر چیک کرنے کیلیے لندن سے ڈاکٹر کو بھی بلایا گیا، جس کے بعد ان کا بلڈ پریشر تسلی بخش قرار دیا گیا۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ان کی دیکھ بھال میں نہ پہلے کوئی غفلت برتی گئی ہے اور نہ آئندہ برتی جائے گی۔



