ترکیہ اور قطر نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، معاہدے پر جمعہ 13 نومبر کو استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی ملاقات کے دوران دستخط کیے گئے۔
ترک ایوان صدر کے مطابق نئے معاہدے سے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو ایک نئی جہت ملے گی تاہم معاہدے کی تفصیلات اور دفاعی ذمہ داریوں کی نوعیت فوری طور پر جاری نہیں کی گئی۔
ترک ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور قطر خلیجی خطے میں دوبارہ جنگ کے امکانات روکنے، مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور اس میں تنوع پیدا کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں جبکہ دفاعی صنعت میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
صدر اردوان نے دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا۔
President @RTErdogan met with Emir Sheikh Tamim bin Hamad Al Thani of Qatar at Dolmabahçe Presidential Office in Istanbul. https://t.co/17zjrLC92o
— Presidency of the Republic of Türkiye (@trpresidency) November 13, 2026
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ترکیہ نے رواں سال پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ بھی مشترکہ دفاعی معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت تینوں ممالک نے ایک دوسرے کی اجتماعی سلامتی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کا عہد کیا ہے۔
ترکیہ اور قطر کے دفاعی تعلقات کا پس منظر
ترکیہ اور قطر کے درمیان دفاعی تعاون نیا نہیں بلکہ گزشتہ کئی برسوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم حصہ رہا ہے۔ دونوں ملکوں نے 2007 میں فوجی تربیت اور تکنیکی تعاون کے شعبے میں معاہدہ کیا تھا جبکہ دسمبر 2014 میں فوجی تربیت، دفاعی صنعت اور قطر میں ترک فوج کی تعیناتی سے متعلق ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔
2015 میں ترکیہ نے قطر میں اپنے فوجی اہلکار تعینات کرنا شروع کیے اور دوحہ میں طارق بن زیاد فوجی اڈہ قائم کیا۔ اس اقدام کے تحت دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی تربیت، مشقوں اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوا۔
ترکیہ اور قطر کے دفاعی تعلقات میں جون 2017 کو اہم موڑ قرار دیا جاتا ہے۔ اس وقت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے اس پر مختلف پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
اس بحران کے دوران ترکیہ نے قطر کی حمایت کی، فوجی تعاون میں اضافہ کیا اور پہلے سے طے شدہ معاہدے کے تحت مزید ترک فوجی اہلکار قطر بھیجے۔ اس طرح دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری مزید مضبوط ہوئی۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی معاہدہ
موجودہ پیش رفت کو سمجھنے کے لیے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ بھی اہم ہے۔
اس معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دستخط کیے تھے۔ معاہدے کی بنیادی شق کے مطابق تینوں میں سے کسی ایک ملک پر مسلح حملہ باقی دونوں ممالک کے خلاف حملہ تصور ہوگا۔
معاہدے کا مقصد مشترکہ دفاع، اجتماعی دفاعی صلاحیت، فوجی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔



