نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل کو صرف خام شکل میں برآمد کرنے کے بجائے ملک میں ان کی پراسیسنگ، ریفائننگ اور تیار مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت پیدا کرنا چاہتا ہے، جس کے لیے کان کنی، ٹیکنالوجی، توانائی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ”ہمارا مقصد صرف معدنیات نکال کر انہیں خام حالت میں برآمد کرنا نہیں ہے۔ درحقیقت، ہمارا حتمی ہدف یہ ہے کہ پاکستان کے اندر ہی معدنیات کی پروسیسنگ، ریفائننگ اور ان سے مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت کو بتدریج فروغ دیا جائے۔“
اس مقصد کے لیے ان کے مطابق ”کانوں، ٹیکنالوجی، پروسیسنگ کی سہولیات، توانائی، نقل و حمل اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری درکار ہے۔“
اسحاق ڈار کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے ”انجینئرنگ، آلات، خصوصی خدمات اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں پاکستانی کاروباریوں کے لیے بھی مواقع پیدا ہوں گے۔“
فورم کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ اس میں 60 سے زائد ممالک کی شرکت پاکستان کے معدنی وسائل میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی اور اس شعبے میں طویل مدتی شراکت داری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 2 برس کے دوران مالیاتی اور مالیاتی پالیسی میں نظم و ضبط، ساختی اصلاحات اور محتاط مالی انتظام کے ذریعے معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت کر چکا ہے۔ معدنی وسائل کی ترقی معیشت کے اگلے مرحلے کے لیے اہم ہے، جس سے برآمدات میں تنوع، صنعتی بنیاد مضبوط بنانے، طویل مدتی سرمایہ کاری لانے اور عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان میں تانبے، سونے، لوہے، کرومائٹ، سیسہ، زنک، کوئلے، چٹانی نمک، سنگ مرمر، جپسم اور قیمتی پتھروں سمیت مختلف معدنی وسائل موجود ہیں۔ ملک کے مغربی حصے میں واقع ٹیتھیان میٹالوجینک بیلٹ میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی صلاحیت خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
’ریکوڈک منصوبہ عالمی شراکت داری کی مثال ہے‘
اسحاق ڈار نے بلوچستان میں ریکوڈک تانبے اور سونے کے منصوبے کو پاکستان کی معدنی صلاحیت کی اہم مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں عالمی کمپنی بیرک گولڈ، پاکستان کے وفاقی سرکاری ادارے اور بلوچستان حکومت شراکت دار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ظاہر کرتا ہے کہ بین الاقوامی مہارت، قومی سطح پر شمولیت اور صوبائی ملکیت کو یکجا کرکے بڑے اور طویل مدتی سرمایہ کاری منصوبے کس طرح آگے بڑھائے جا سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ”معدنی ترقی کا مقصد صرف انفرادی منصوبوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ پوری ویلیو چین کی تعمیر ہونی چاہیے۔“
’معدنی وسائل کا مقامی آبادی کی بہبود میں کردار ہونا چاہیے‘
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے آئینی نظام کے تحت معدنی وسائل کی ترقی میں صوبوں کی شراکت ناگزیر ہے اور معدنی وسائل پر ان کے آئینی اختیارات اور ملکیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ”وفاقی حکومت قومی سطح پر رابطہ کاری، سرمایہ کاری میں سہولت، پالیسیوں میں ہم آہنگی اور بین الاقوامی روابط کے ذریعے صوبائی حکومتوں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔“
ان کا کہنا تھا کہ ”پاکستان کے معدنی مستقبل میں بلوچستان مرکزی حیثیت رکھتا ہے [اور] ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ وہاں موجود وسائل صوبے کی معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود میں بامعنی کردار ادا کریں۔“
خیبر پختونخوا کے حوالے سے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ”ہمارا معدنی ایجنڈا خیبر پختونخوا اور معدنیات سے مالا مال شمالی علاقوں تک بھی محیط ہے۔ آپ نے ابھی پنجاب اور سندھ کے معزز وزرائے اعلیٰ سے ان صوبوں میں کان کنی اور معدنیات کی تلاش کے امکانات، مواقع اور دائرہ کار کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے دیگر مواقع کے بارے میں سنا ہے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”ایک کان کو اپنی حدود سے باہر بھی مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔ مقامی سطح پر روزگار کی فراہمی، مہارتوں کی ترقی، سپلائی چین میں پاکستانی کمپنیوں کی شمولیت، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری اداروں کا فروغ ہمارے معدنی ترقیاتی ایجنڈے کا لازمی حصہ ہیں۔“
نائب وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ”ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مقامی کیونیٹیز اس عمل میں فعال طریقے سے شریک ہوں اور اس سے مستفید ہوں اور یہ بھی کہ ان کے ذرائع معاش، روایات اور ثقافتی ورثے کا مکمل احترام کیا جائے۔“
ماحولیاتی تحفظ اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کاری
اسحاق ڈار نے کہا کہ کان کنی کے جدید شعبے کے لیے پاکستانی جامعات، تکنیکی اداروں اور عالمی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری ضروری ہے، تاکہ ماہرینِ ارضیات، انجینئرز اور تکنیکی عملے کی تربیت کی جا سکے۔
ان کے مطابق زمین اور آبی وسائل کا تحفظ، کارکنوں کی حفاظت اور کان کنی کے بعد متاثرہ مقامات کی بحالی سمیت ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی اصولوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔ ماحولیاتی تحفظ، مقامی آبادی کی فلاح اور معاشی ترقی کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معدنی شعبے کی ترقی کو قومی معاشی ترجیح بنایا ہے۔ پاکستان انویسٹمنٹ پالیسی 2023 سرمایہ کاروں کے تحفظ، مساوی سلوک اور متعلقہ قوانین کے تحت سرمایہ، منافع اور ڈیویڈنڈ کی واپسی کا فریم ورک فراہم کرتی ہے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ون ونڈو نظام کے ذریعے وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنائی گئی ہے، تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں حائل مسائل دور کیے جا سکیں۔
’معدنی شعبے کو عالمی شراکت داری سے فروغ دینا چاہتے ہیں‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چین، امریکا، سعودی عرب، خلیجی ممالک، ترکیہ، آذربائیجان، وسطی ایشیائی ریاستوں اور یورپی شراکت داروں کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں اور کان کنی کی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ متعلقہ سرکاری اداروں، نجی شعبے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کرکے طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ فورم کے دو روزہ اجلاس کے بعد بھی متعلقہ ادارے سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے تاکہ بات چیت کو ٹھوس تجاویز اور عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جا سکے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مقصد معدنی وسائل کو ذمہ داری سے ترقی دینا، صنعتی بنیاد مضبوط کرنا، برآمدات میں تنوع لانا، صوبوں اور مقامی آبادی کو بااختیار بنانا اور عالمی معدنی معیشت میں ملک کو ایک مسابقتی اور قابلِ اعتماد شراکت دار بنانا ہے۔
اسحاق ڈار نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے اس کے ساتھ منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش کا بھی افتتاح کیا۔
اس سے قبل چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اور گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ نے فورم سے خطاب کیا اور اپنے علاقوں میں معدنی وسائل اور اس شعبے میں مقامی اور عالمی سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی روشنی ڈالنے کے ساتھ اس ضمن میں سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور درکار تمام سہولتیں بہم پہچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
