نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی علامت ہے، یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، پاکستان خطے میں پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے۔
اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اس بات کا حامی ہے کہ کسی ملک کی سر زمین دوسرے ملک کے خلاف دہشتگردی کیلیے استعمال نہ ہو، قومی سلامتی کا تحفظ اور علاقائی استحکام برقرار رکھنا اہم چیلنجز ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بدلتی عالمی صورتِحال میں پاکستان دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کے پُرامن حل کیلیے پُرعزم ہے، امن اور خوشحالی کیلیے تنازعات کا مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ضروری ہے۔
عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے۔ علاقائی امن و استحکام کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلیے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی سکیورٹی انفراسٹرکچر اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ عالمی طاقتوں کی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے۔ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں، موجودہ حالات میں سفارتکاری کیلیے گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلافات کی وجہ سے کثیر الجہتی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الاقوامی اصولوں پر غیر یکساں عمل درآمد سے تمام ممالک کی سلامتی متاثر ہوتی ہے، جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی امور ایک دوسرے سے تیزی سے جڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ تک رسائی پر مسابقت کے اثرات بڑھ رہے ہیں، قومی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلیے اندرونی مضبوطی اور مؤثر سفارتکاری ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے کیلیے مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد اہمیت کاحامل ہے، پاکستان تمام علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری بات چیت پر یقین رکھتا ہے، دنیا بھر میں امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے حصول کیلیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔



