جمعہ 13 تاریخ کیا واقعی بدقسمت ہوتی ہے؟ یہ تو آپ مائیکروسافٹ کی سروسز استعمال کرنے والے اور دفتری امور سے پریشان ان افراد سے پوچھیے جن کے لیے شاید یہ جمعہ غیر متوقع ریلیف لے کر آیا۔
کئی ملازمین جمعے کی صبح اٹھے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ مائیکروسافٹ آؤٹ لک کام نہیں کر رہا۔ مائیکروسافٹ ٹیمز بھی بند تھا اور ای میلز ڈیجیٹل نظام میں کہیں پھنس کر رہ گئی تھیں۔
یہ سب اس وقت ہوا جب ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کی سروسز میں جمعرات کو امریکا میں خلل آنا شروع ہوا، جو جمعے تک ایشیا پیسیفک کے خطے میں بھی پھیل گیا۔ سروسز میں تعطل کے نتیجے میں آؤٹ لک، ٹیمز، کوپائلٹ اور مائیکروسافٹ 365 کی دیگر سروسز متاثر ہوئیں۔
Corporate employees experiencing Microsoft Outlook outage on Friday https://t.co/tIkq8we85M
— Pakchikpak Raja Babu (@HaramiParindey) November 13, 2026
یوں جمعہ 13 تاریخ، جسے عموماً بدقسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے، بعض ملازمین کے لیے خوشی کا پیغام لے کر آیا۔ ممکنہ طور پر میٹنگز منسوخ ہو گئیں، ڈیڈلائنز کے حوالے سے اچانک نئی بات چیت شروع ہو گئی اور وہ ای میلز بھی، جن پر ’ارجنٹ‘ یعنی فوری لکھا تھا، ٹیکنالوجی کی خرابی کے باعث پیر تک مؤخر ہوتی دکھائی دیں۔
The person at Microsoft trying to figure out which cord to plug back in to fix Outlook. https://t.co/0e9RdYyqx5
— Tyler Roney (@TylerJRoney) November 12, 2026
سروسز کی معطلی کے باعث جہاں کاروباری ادارے اور سرکاری محکمے معمولاتِ کار بحال کرنے کے لیے سرگرداں رہے، وہیں سوشل میڈیا صارفین اس صورتِ حال پر زیادہ پریشان دکھائی نہیں دیے۔
آؤٹ لک بند ہونے سے دفتری ملازمین کے چہرے کھل اٹھے
ای میلز، میٹنگز اور ڈیڈلائنز سے اچانک ملنے والے وقفے نے بعض ملازمین کے چہرے کھلا دیے اور سوشل میڈیا پر میمز اور لطیفوں کا طوفان امڈ آیا۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے تو طنزیہ انداز میں مائیکروسافٹ کے انجینئرز سے اپیل کی کہ وہ سروسز کی بحالی میں کچھ مزید وقت لے لیں۔
ایک مقبول لطیفے میں کہا گیا کہ مائیکروسافٹ کے ملازمین آؤٹ لک بحال کرنے کے دباؤ کے بجائے ایک طویل ویک اینڈ کے مستحق ہیں۔ بعض صارفین نے تو یہ خواہش بھی ظاہر کر دی کہ مائیکروسافٹ ٹیمز کی سروسز پیر تک بحال نہ ہوں۔
Microsoft Outlook is down and it’s Friday.. https://t.co/zN1Z0XiQ8F
— Abhishek (@MSDianAbhiii) November 13, 2026
اس صورتِ حال کو مزید دلچسپ بنانے والی بات یہ تھی کہ یہ سب کچھ جمعہ 13 تاریخ کو ہو رہا تھا، جسے توہم پرست افراد بدقسمتی کی علامت سمجھتے ہیں۔ تاہم یہ دن بہت سے دفتری ملازمین کے لیے خوش قسمتی کا دن ثابت ہوا، کیونکہ انہیں ایک بار پھر ایسی میٹنگز سے بچنے کا موقع مل گیا جن کا مقصد ایک ای میل سے بھی پورا کیا جا سکتا تھا۔
سروسز کی معطلی کے باعث جمعے کے دفتری اوقات بھی متاثر ہوئے۔ بعض ملازمین نے ازراہِ مذاق وقت سے پہلے گھر جانے کی خوشی کا اظہار کیا۔ اسی طرح مائیکروسافٹ سے بحالی کا کام جلد مکمل نہ کرنے کی درخواست پر مبنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کو ہزاروں افراد نے پسند کیا۔
بعض صارفین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ای میل سروس کی بندش کے باعث ساتھیوں کو جدید دفتری ماحول میں ایک ایسی سرگرمی کا موقع مل سکتا ہے جو اب کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے، یعنی ایک دوسرے سے براہِ راست بات چیت کرنا۔
تاہم، مائیکروسافٹ کے سسٹمز پر انحصار کرنے والے اداروں کے لیے یہ تعطل کسی طور خوش گوار نہیں تھا۔
مائیکروسافٹ کی سروسز میں تعطل سے آسٹریلیا، جاپان اور امریکا کے سرکاری ادارے بھی متاثر ہوئے، جبکہ اوپن اے آئی اور اینتھروپک سمیت مختلف کاروباری اداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ بھارت کی ایئرلائنز اور تائیوان کی مالیاتی کمپنیوں نے بھی سروسز میں خلل کی اطلاع دی۔
work gmail users seeing the microsoft outlook outage https://t.co/0DzsoNy5kO
— maddy 🦈 (@m4ddyness) November 12, 2026
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، آن لائن سروسز کی بندش پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارم ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ نے جمعرات کو امریکا میں آؤٹ لک کی خرابیوں سے متعلق ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد شکایات ریکارڈ کیں۔
View this post on Instagram
سوشل میڈیا پر جہاں میمز اور لطیفوں کی بھرمار تھی، وہیں مختلف برانڈز بھی اس معاملے میں پیچھے نہ رہے۔ کینوا، امارات اور کٹ کیٹ نے بھی اس مذاق میں اپنا حصہ ڈالا اور اپنے مخصوص انداز میں مزاحیہ پوسٹس اور میمز کے ذریعے اس موقع سے فائدہ اٹھایا۔
View this post on Instagram
البتہ، مائیکروسافٹ نے اس خوش گوار فضا کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے متاثرہ سرورز میں ضروری تبدیلیاں کی ہیں، تاہم ابتدائی کوششوں کے نتیجے میں سروسز کی بحالی مستقل طور پر برقرار نہ رہ سکی۔
View this post on Instagram
بعد ازاں کمپنی نے ٹریفک کی بہتر تقسیم اور انتظام کے لیے مزید اقدامات کے مثبت نتائج کی اطلاع دی، جن میں سروسز کے استحکام اور گنجائش میں بہتری بھی شامل تھی۔ مائیکروسافٹ کا کہنا تھا کہ اسے سروسز میں تعطل کے پیچھے کسی بدنیتی پر مبنی سرگرمی کا علم نہیں۔ ادھر آسٹریلوی حکام نے بھی عندیہ دیا کہ اس خلل کی وجہ سائبر حملے کے بجائے تکنیکی مسائل تھے۔
