سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترمیم سے متعلق معاملہ 15 جنوری سے آگے نہیں جائے گا اور اس سے پہلے ہی اس حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے۔
اے آر وائی کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آئینی ترمیم کے لیے پہلے ریفرنڈم کرانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے ذریعے حاصل ہونے والی عوامی منظوری کو آئینی ترمیم کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
فواد چوہدری کہنا تھا کہ ”ابھی تک جن لوگوں اور دوستوں سے میری بات ہوئی ہے، اس سے تو ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ترمیم (28ویں آئینی ترمیم) کا عمل 15 جنوری سے آگے نہیں جائے گا، اور یہ 15 جنوری سے پہلے ہی ہوجائے گا۔“
“28ویں ترمیم اس سال دسمبر میں آئے گی، وکلاء کے دو گروپ ترمیم تیارکر رہے ہیں” فواد چوہدری کی بڑی خبر
#ARYNews #TheReporters https://t.co/YOCffdvaMX
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) November 11, 2026
واضح رہے کہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں گزشتہ روز(11 نومبر کو) اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی ملاقات بھی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ وہ اور سلمان صفدر تقریباً چار گھنٹے عمران خان کے ساتھ موجود رہے اور اس دوران بشریٰ بی بی بھی ملاقات میں شریک تھیں۔ ان کے مطابق زیادہ تر گفتگو قانونی معاملات اور مختلف مقدمات سے متعلق ہوئی، تاہم 28ویں آئینی ترمیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس گفتگو کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔
ملاقات کے بعد ہم نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیرمملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل رانا نے آئینی ترمیم کی بازگشت سے متعلق کہا کہ حکومت نے ابھی تک کسی آئینی ترمیم پر باضابطہ کام شروع نہیں کیا، اگر اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہوا تو سب سے پہلے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتی۔
فواد چوہدری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے وکلا کے دو قانونی گروپس کام کر رہے ہیں، ایک فروغ نسیم اور دوسرا گروپ سابق اٹارنی جنرل منصور اعوان کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پہلے ریفرنڈم کرانے کی تجویز بھی زیر بحث ہے۔ ان کے بقول ریفرنڈم سے حاصل ہونے والی منظوری اسمبلی کو آئینی ترمیم کی طرف لانے میں مدد دے سکتی ہے، بصورت دیگر یہ معاملہ وفاقی آئینی عدالت (ایف سی سی) میں بھی لے جایا جا سکتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ان کے خیال میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں فی الحال اس اقدام کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف مسلم لیگ (ن) کے خلاف جارحانہ دکھائی دیتا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کا رویہ یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اپنا مؤقف پیش کرتی رہے لیکن وہ اس کے پیچھے کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیکھنا یہ ہوگا کہ آیا مجوزہ آئینی اقدام بھی کینال کے منصوبے کی طرح روک دیا جاتا ہے یا اس مرتبہ اسٹیبلشمنٹ ملک میں گورننس کا ایک بڑا ری سیٹ کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔
یاد رہے کہ 28ویں آئینی ترمیم کی بحث نومبر 2025 میں 27ویں ترمیم کی منظوری کے بعد سامنے آئی تھی، جب وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ بااختیار بلدیاتی نظام کو آئینی تحفظ دینے کا معاملہ اگلی آئینی ترمیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں جولائی 2026 میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق بیان کے بعد 28ویں آئینی ترمیم کی بحث میں مزید شدت آئی۔ اس ضمن میں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی انتظامی تقسیم، نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی تجاویز بھی سامنے آئیں، تاہم پیپلز پارٹی سمیت بعض سیاسی جماعتوں نے صوبائی خودمختاری اور 18ویں ترمیم کے تحت حاصل اختیارات میں ممکنہ تبدیلیوں پر تحفظات ظاہر کیے۔ تاحال مجوزہ ترمیم کا کوئی حتمی مسودہ سامنے نہیں آیا اور مختلف تجاویز سیاسی مشاورت اور بحث کا حصہ ہیں۔
’مریم نواز کے خلاف ایک سرمایہ داروں کا گروپ کام کررہا ہے‘
وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی سے متعلق افواہوں پر سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ “مریم نواز ایک بہت مضبوط خاتون ہیں، انہوں نے اپنے والد کی لڑائی بھی لڑی ہے، ان کو کریڈٹ جاتا ہے لیکن انہوں نے جتنا جارحانہ رویہ چوہدری سالک حسین سے متعلق اختیار کیا ہے تو اس کے پیچھے صرف یہی معاملہ تو نہیں، انہوں (مریم نواز) نے حالیہ بیانات میں واضح کردیا ہے کہ میرے خلاف سازشیں ہورہی ہیں، اور وہ سازش سرمایہ داروں کا ایک گروپ کررہا ہے اور میں اس کے خلاف کھڑی ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ شریف خاندان اس معاملے پر کس طرح قابو پاتا ہے لیکن پنجاب کی حد تک تو یہ بات طے ہے کہ وہاں میلہ سج گیا ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین نے پنجاب حکومت پر کرپشن کا الزام لگایا تھا جس کے جواب میں مریم نواز نے انہیں لیگل نوٹس بھجوایا تھا۔



