ایوانِ صدر کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں صوبوں سے متعلق امور پر گفتگو کے بارے میں سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں۔
ترجمان ایوانِ صدر نے آصف زرداری اور محسن نقوی کے درمیان جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے حوالے سے جمعے کو ایک وضاحتی بیان جاری کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ترجمان کی وضاحت۔
صدرِ مملکت سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات میں صوبوں سے متعلق امور پر گفتگو سے متعلق میڈیا رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں: ترجمان
ملاقات میں قومی سلامتی اور خطے کی صورتحال سے متعلق امور زیر بحث آئے لیکن صوبوں سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
۔۔۔— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 13, 2026
بیان میں کہا گیا کہ صدر زرداری اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات میں قومی سلامتی اور خطے کی صورتِ حال سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔ لیکن صوبوں سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف زرداری سے نواب شاہ میں ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات سے قبل محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں نئے صوبوں کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے پر “ریفرنڈم کرا لیں اور اگر عوام کہتے ہیں کہ نہیں بننے چاہئیں تو میں 100 فی صد ان کے ساتھ ہوں کہ نہیں بننے چاہئیں۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ ”پارلیمنٹ میں موجود ہم سارے لوگ جمہوریت کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عوام سپریم ہے تو میری تمام سیاسی جماعتوں سے ایک ہی درخواست ہے کہ وہ ایک ریفرنڈم کرا لیں۔“
ان کا کہنا تھا کہ ”اگر عوام کہتے ہیں کہ (صوبے) بننے چاہئیں تو (پھر) بننے چاہئیں۔“
محسن نقوی نے واضح کیا تھا کہ صوبوں کے معاملے پر ہر ایک کا اپنا اپنا مؤقف ہے اور ہر پارٹی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی دوسرے ’فرد کی رائے‘ سے اختلاف کر سکتی ہے۔
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ’اپنا مؤقف ہے‘ اور اسی طرح کچھ جماعتیں صوبوں کے حق میں ’آفیشلی‘ نہیں بولتیں، ان کا اپنا مؤقف ہے۔
محسن نقوی نے دعویٰ کیا تھا کہ سامنے آنے والی سروے رپورٹس میں بھی اکثریت کا یہی مؤقف ہے کہ ’صوبے بننے چاہئیں۔‘
یاد رہے کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل پر بحث محسن نقوی کے جولائی میں دیے گئے اپنے ہی ایک بیان سے پھوٹی تھی جس میں انہوں نے ’نظام کے ڈھ جانے‘ کے بعد ’نئے انتظامی یونٹس‘ پر سنجیدہ غور کرنے کی اپیل کی تھی۔


