پاپولیشن کونسل پاکستان اور یونائیٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے اشتراک سے ’اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خاندانی بہبود، ماں اور بچے کی صحت و حقوق‘ کے موضوع پر اسلام آباد میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ماں اور بچے کی صحت، خاندانی استحکام، ذمہ دار والدین اور مناسب وقفۂ ولادت اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ اور معاشرتی فلاح کے لیے ناگزیر ہیں۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیم و تربیت حکومتِ پاکستان ڈاکٹر غلام قمر، کنٹری ڈائریکٹر پاپولیشن کونسل پاکستان ڈاکٹر علی محمد میر، چیف (پاپولیشن) وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات شکیل احمد، یو این ایف پی اے پاکستان کے پروگرام اینالسٹ ڈاکٹر فرید خان سمیت دیگر نے اجلاس سے خطاب کیا۔
اس موقع پرمولانا عبد الخبیر آزادکا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں بچوں کو پورے دو سال دودھ پلانے کی ہدایت دی ہے، جو ماں اور بچے کی صحت اور مناسب وقفۂ ولادت کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت، خاندانی خوشحالی، سماجی استحکام اور ایک صحت مند فلاحی معاشرے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اولاد اللہ تعالیٰ کی امانت ہے اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کو صحت، تعلیم، تربیت اور دیگر بنیادی حقوق فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں بچوں کو دو سال تک دودھ پلانے کی ہدایت بھی ماں اور بچے کی صحت اور مناسب وقفۂ ولادت کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
استقبالیہ کلمات میں ڈاکٹر علی محمد میر نے کہا کہ پاکستان میں ہر 37 منٹ بعد ایک ماں زچگی سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث جان کی بازی ہار دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماؤں کی صحت اور بچوں کی فلاح کا تحفظ صرف طبی مسئلہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی سماجی و اخلاقی ذمہ داری ہے، جبکہ صحت مند وقفۂ ولادت جانیں بچانے کا مؤثر ذریعہ ہے اور اس بارے میں علماء کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔

اس موقع پر اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے بریگیڈیئر پروفیسر ڈاکٹر میمونہ مشتاق نے کہا کہ بار بار اور کم وقفے سے ہونے والے حمل ماں اور بچے دونوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں، جبکہ مناسب وقفۂ ولادت، بروقت طبی نگہداشت اور بہتر غذائیت زچگی اور بچوں کی صحت کے نتائج میں نمایاں بہتری لا سکتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ اسلام بچوں کی معیاری تربیت، تعلیم اور کردار سازی پر توجہ دیتا ہے، ماں اور بچے کی صحت، خاندانی استحکام، صحت مند فلاحی معاشرے اور نسل کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔
اجلاس کے دوران علماء کرام نے آبادی اور وسائل کے درمیان توازن کو اسلامی تصور قرار دیتے ہوئے عوام الناس میں درست آگاہی پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فرید خان نے ماں اور بچے کی صحت کے فروغ اور وقفۂ ولادت کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے مذہبی رہنماؤں اور کمیونٹیز کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ شکیل احمد نے سفارشات کو پالیسی سطح پر آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ڈاکٹر غلام قمر نے کہا کہ علماء، طبی ماہرین اور پالیسی سازوں کے درمیان مسلسل تعاون ہی ماؤں اور بچوں کی بہتر صحت اور فلاح کو یقینی بنا سکتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام نے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے جس میں صحت مند وقفۂ ولادت (وقفہ) کو اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ اور ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک مفید صحتی اقدام قرار دیتے ہوئے اس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ”صحت مند ماں، صحت مند بچہ، صحت مند خاندان” کے پیغام کو منبر و محراب، تعلیمی اداروں اور سماجی پلیٹ فارمز کے ذریعے ملک بھر میں عام کیا جائے گا۔
