تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی (او ای سی ڈی) نے ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرف ہجرت کرنے والوں کی تعداد مسلسل دوسرے سال کم ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق او ای سی ڈی نے جمعرات کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا کہ سال 2025 میں ترقی یافتہ ممالک میں ہجرت کرنے والوں کی تعداد 2024 کے مقابلے میں 1.6 فی صد کم رہی۔
رپورٹ کے مطابق 38 او ای ڈی سی ممالک میں سال 2025 میں 61 لاکھ نئے مستقل غیرقانونی تارکین وطن آئے جب کہ اس سے ایک سال قبل یعنی 2024 میں یہ تعداد 62 لاکھ تھی۔
بہت سے مغربی ممالک میں ایسے غیرقانونی تارکینِ وطن کی آمد کے خلاف ردِعمل میں اضافہ ہوا ہے جو اپنے آبائی ملکوں میں تنازعات، آمرانہ طرزِ حکمرانی اور معاشی مشکلات کی وجہ سے فرار ہو کر ان ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ 2025 میں قانونی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد ہونے والی ہجرت میں 2024 کے مقابلے میں 26 فی صد کی ’نمایاں‘ کمی ہوئی۔ البتہ روز گار کے حصول کے لیے کی جانے والی ہجرت میں 13 فی صد اضافہ ہوا۔
اگرچہ 2025 میں مجموعی طور پر ہجرت کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی لیکن طویل مدت کے لیے مستقل طور پر آباد ہونے والے تارکینِ وطن کی تعداد 2019 کے مقابلے میں 12 فی صد بڑھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2025 میں تین یورپی ممالک میں مستقل تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ ان ممالک میں پرتگال، اسپین اور اٹلی شامل ہیں۔
پرتگال میں زیرِ التوا رہائشی اجازت ناموں کی منظوری کے باعث تارکینِ وطن کی تعداد میں 139 فی صد اضافہ ہوا اور یہ تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 600 تک پہنچ گئی۔
اسی طرح اسپین میں رہائشی پالیسیوں میں نرمی کے بعد 25 فی صد اضافہ ہوا اور یہ تعداد چار لاکھ 60 ہزار 500 افراد تک ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق اٹلی خاندانی اور محنت کش افراد نقل مکانی میں اضافے کے باعث تارکینِ وطن کی تعداد میں 45 فی صد اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 48 ہزار 800 افراد تک جا پہنچی۔
دوسری جانب دیگر ممالک میں مستقل غیر ملکی تارکینِ وطن میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
امریکا میں مستقل تارکینِ وطن کی تعداد میں 14 فی صد کمی کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم اس کے باوجود وہ تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی کے رکن ممالک میں سرِفہرست رہا جہاں 2025 میں 12 لاکھ مستقل تارکینِ وطن آباد ہوئے۔
اس کے علاوہ کینیڈا میں 19 فی صد کمی کے بعد یہ تعداد تین لاکھ 93 ہزار 800 جب کہ برطانیہ میں 32 فی صد کمی کے بعد یہ تعداد دو لاکھ 95 ہزار 800 ریکارڈ کی گئی۔


