امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرمپ انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ نہ لینے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے جے ڈی وینس کے قریبی حلقوں کا حوالہ دیتے ہوئے جمعے کو رپورٹ کیا ہے کہ نائب صدر سمجھتے ہیں کہ وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ ایران جنگ ہے اور وہ آئندہ صدارتی انتخاب لڑنے کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں۔
سی این این کے مطابق جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخاب کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جاتا ہے اور آئندہ انتخاب لڑنے کی صورت میں ری پبلکن پارٹی کی پرائمری میں ان کی کامیابی متوقع ہے۔
وینس کے قریبی حلقوں کے مطابق نائب صدر ری پبلکن پارٹی کی تحریک میک امریکا گریٹ اگین (ماگا) کو دوبارہ متحد کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، تاہم وہ اس سوال پر غور کر رہے ہیں کہ آیا اس تحریک کی قیادت کے لیے اُنہیں خود صدارتی امیدوار بننا چاہیے۔
واضح رہے کہ ماگا تحریک نے 2024 کے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
جے ڈی وینس کے ایک قریبی ساتھی نے سی این این کو بتایا کہ نائب صدر جو بھی فیصلہ کریں گے، اس پر حیرت نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق وینس ابھی صرف 42 برس کے ہیں اور اگر موجودہ سیاسی حالات میں کامیابی ممکن نہ ہوئی تو وہ مستقبل میں دوبارہ کوشش کر سکتے ہیں۔
وینس کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے سب سے اہم سوال ایران جنگ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتِ حال ہے۔
سی این این کے مطابق وینس کے حامیوں کا خیال ہے کہ ایران جنگ ری پبلکن پارٹی کے لیے 2028 کے انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ بن سکتی ہے۔
ایک قریبی ساتھی نے کہا کہ اصل سوال یہ نہیں کہ وینس صدر بن سکتے ہیں یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ اگر ایران جنگ جاری رہی تو کیا کوئی بھی ری پبلکن امیدوار کامیاب ہو سکے گا؟۔ ان کے مطابق اگر ٹرمپ انتظامیہ ایران جنگ ختم کرنے میں ناکام رہتی ہے تو 2028 میں کسی بھی ری پبلکن امیدوار کے لیے کامیابی مشکل ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ تین نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد ری پبلکن پارٹی کی سینیٹ میں نشستیں 51 سے کم ہو کر 44 ہو گئی ہیں۔ اسی طرح ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کو ری پبلکن پر 169 کے مقابلے میں 255 نشستوں کی برتری حاصل ہے۔ ریاستی گورنرز کے انتخابات میں بھی ری پبلکن پارٹی کو پانچ ریاستوں میں شکست ہوئی ہے۔
وسط مدتی انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد وینس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تفصیلی پیغام جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے پارٹی کی انتخابی ناکامی کا ذمہ دار ایران جنگ کو قرار دیا تھا۔
وینس کے بعض حامیوں نے اس پیغام کو ان کی ممکنہ صدارتی مہم کے سیاسی مؤقف کا اشارہ سمجھا، تاہم سی این این کے مطابق اس بیان سے صدر ٹرمپ بھی ناراض ہوئے۔
میگا اتحاد کو دوبارہ متحد کرنے کا چیلنج
وینس کے لیے فوری ترجیح میگا تحریک اور ٹرمپ کے حامیوں کو دوبارہ متحد کرنا ہے۔
وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو ایسے ووٹرز کی حمایت بھی حاصل نہیں ہو سکی جنہوں نے 2024 میں ٹرمپ کو کامیابی دلانے میں کردار ادا کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مردوں، نوجوانوں، لاطینی امریکی نژاد ووٹرز اور سفید فام ووٹرز سمیت مختلف گروہوں میں ٹرمپ کی حمایت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
وینس کے حامیوں کا خیال ہے کہ وہ اپنے سابقہ سیاسی مؤقف، یعنی واشنگٹن کے سیاسی نظام اور روایتی اشرافیہ کی مخالفت، کو دوبارہ اپنی مہم کا مرکزی نکتہ بنا سکتے ہیں۔
تاہم نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد ان کے لیے خود کو نظام سے باہر کا امیدوار ثابت کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہو سکتا ہے۔
سیاسی تجزیہ کار رچ بیریس کے مطابق ٹرمپ کے بہت سے حامیوں کو محسوس ہوتا ہے کہ صدر نے مہنگائی کم کرنے کے وعدے پورے نہیں کیے اور نئی بیرونی جنگیں نہ شروع کرنے کے اپنے وعدے سے بھی انحراف کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وینس ری پبلکن پارٹی کے لیے سیاسی حمایت دوبارہ حاصل کرنے کی بہترین پوزیشن میں ہیں، لیکن اس کے لیے انہیں ایک نئے عوامی اتحاد کی تشکیل کرنا ہوگی۔




