وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان جیل مینوئل پر عمل کریں گے تو ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم جیل میں بیٹھ کر سیاسی معاملات چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ہم نیوز پر ابصا کومل کا آج پہلا پروگرام تھا، انہوں نے ’کوئسچن آور‘ پروگرام کی میزبانی کی ، پروگرام میں وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری ، پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے گفتگو کی۔
پروگرام ”کوئسچن آور“ میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو شاید اب سمجھا دیا گیا ہے کہ تمام معاملات جیل مینوئل کے تحت ہی ہوں گے اور اگر جیل سے سیاست نہیں کی جائے گی تو ملاقاتوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
11 نومبر کو عمران خان سے وکلا سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر نے طویل ملاقات کی، جس میں قانونی معاملات، زیرِ سماعت مقدمات اور 28ویں آئینی ترمیم پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ گزشتہ روز عمران خان کی 2 بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی ایک ماہ بعد رہا کر دیا گیا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی خوراک، ورزش اور صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، حکومت نے ان کی صحت کے معاملے پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کی صحت سے متعلق مسائل سامنے آنے پر انہیں اسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت کو سیاسی معاملات سے جوڑنے کی کوشش کرتی ہے حالانکہ حکومت ان کی صحت اور طبی سہولیات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی جیل میں رہتے ہوئے بھی سیاسی معاملات چلا رہے تھے، تاہم اب انہیں یہ بات سمجھائی گئی ہے کہ جیل کے اندر تمام سرگرمیاں جیل مینوئل کے مطابق ہی ہو سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے صوبوں کے حوالے سے نرم گوشہ ظاہر کیا ہے تو یہ ان کی اپنی پالیسی ہے، اس پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں تاہم جیل کے قواعد و ضوابط کی پابندی ضروری ہے۔ طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ایک ماہ کی نظر بندی کی مدت بھی ختم ہو گئی ہے۔
پروگرام میں کرپشن کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ ملک میں کرپشن سے متعلق ایک بیانیہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، الزامات تو لگائے جاتے ہیں لیکن ان کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کی شرح میں کافی حد تک کمی آئی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ اینٹی کرپشن اور سی سی ڈی جیسے ادارے دیگر صوبوں کے لیے بھی مثال بن چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کے لیے جو اقدامات کیے گئے ہیں، اس نوعیت کے اقدامات کسی دوسرے صوبے میں دیکھنے میں نہیں آئے۔ اس وقت پنجاب میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں جہاں کرپشن بالکل موجود نہ ہو، پاکستان کے مختلف حصوں میں بھی کرپشن ہو رہی ہے، تاہم حکومت کی پالیسی اس حوالے سے واضح ہے کہ بدعنوانی کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
’اداروں کی ترقی کے لیے وقت اور مسلسل محنت درکار ہے‘
ملک میں اداروں کی ترقی اور دیگر ممالک سے تقابل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں اداروں کی ترقی نہ ہونے کی متعدد وجوہات ہیں، جنہیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن ممالک کے ادارے آج ترقی یافتہ اور مضبوط ہیں، انہیں اس مقام تک پہنچنے میں طویل عرصہ لگا ہے، جن ممالک کی مثالیں دی جاتی ہیں، ان میں سے بعض کو آزاد ہوئے 400 سے ایک ہزار سال تک کا عرصہ گزر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، اس لیے پاکستان کو بھی دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنا چاہیے اور اداروں کی بہتری کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اداروں کی ترقی ایک مسلسل عمل ہے اور اس کے لیے مستقل مزاجی، مؤثر حکمت عملی اور اصلاحات ضروری ہیں۔ حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اداروں کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت غیر معمولی ریلیف نہیں، علی محمد خان
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت ملنے کو غیر معمولی ریلیف قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ گزشتہ ایک سال سے ان سے مسلسل ملاقاتیں بند تھیں اور بالخصوص سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد تھی۔
ملاقاتوں کی اجازت ملنا ایک بڑی پیش رفت اور خوش آئند اقدام ہے، اگر عدالتی احکامات پر عمل درآمد شروع ہوا ہے تو اسے مثبت انداز میں دیکھنا چاہیے۔
پروگرام ”کوئسچن آور“ میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی اجازت دینے کے اقدام کو خوش آئند سمجھتے ہیں، گزشتہ ایک سال سے ملاقاتوں کا سلسلہ مسلسل بند تھا، خصوصاً سیاسی رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی، اس لیے اب ملاقاتوں کی اجازت ملنا ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات پہلے بھی آتے رہے ہیں تاہم اگر اب ان احکامات پر عمل درآمد کیا گیا ہے تو اسے سراہنا چاہیے۔ پاکستان کے مفاد میں ہونے والے فیصلوں کی حمایت کی جانی چاہیے اور مثبت اقدامات کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر دیکھنا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان رابطہ رہتا ہے، ان کے مطابق سیاسی معاملات کو بات چیت اور رابطوں کے ذریعے آگے بڑھانا بہتر راستہ ہے۔
پروگرام میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ اگر چھوٹے صوبوں کے قیام یا انتظامی تبدیلیوں سے بہتری آتی ہے تو یہ ایک اچھا اقدام ہوگا، عمران خان کا بھی ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ چھوٹے صوبے پاکستان کے مفاد میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی مرضی اور ضرورت کے مطابق جہاں نئے انتظامی یونٹس بنانے کی ضرورت ہو، وہاں یہ اقدام کیا جانا چاہیے۔ اگر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے عوام کو سہولت اور ریلیف ملتا ہے تو ان کے قیام کی حمایت کرنی چاہیے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن پاکستان کا مفاد سب سے اہم ہے اور اسے ہر چیز پر مقدم رہنا چاہیے۔ کسی بھی سیاسی جماعت یا حکومت سے زیادہ اہم ملک اور اس کے عوام کے مفادات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نظام پاکستان کے لیے ہے، پاکستان نظام کے لیے نہیں، اگر کسی انتظامی تبدیلی سے عوام کی مشکلات کم ہوتی ہیں اور انہیں بہتر سہولیات ملتی ہیں تو ایسی تبدیلیوں کی حمایت کی جانی چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ سیاسی مفادات کے بجائے عوامی ضروریات، ان کی مرضی اور قومی مفاد کو سامنے رکھ کر ہونا چاہیے۔
یہ ٹھنڈی ہوا کے جھونکے ہیں جو ہمیں مل رہے ہیں، مجیب الرحمان شامی
سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے عمران خان سے ملاقات اور ان کی بہنوں کی نظر بندی ختم کرنے کے معاملے پر کہا کہ یہ ٹھنڈی ہوا کے جھونکے ہیں جو ہمیں مل رہے ہیں، اگر محاذ آرائی کم ہو ایک دوسرے کی بات سنی جائے ، ایک دوسرے کی بات سمجھی جائے اور ملک کو سکون نصیب ہو اور ہم اپنے قومی اہداف حاصل کر سکیں تو اس سے اچھی بات اور کیا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف سے حکومت کے رابطے تو ہو رہے ہیں جو بھی ملاقاتیں ہو رہی ہیں وہ بلاسبب نہیں ہیں کوئی تبدیلی آئی ہے رویے میں ، اب پی ٹی آئی کے رویے میں کیا تبدیلی آئی ہے عمران خان کیا سوچ رہے ہیں، مقتدر حلقوں کے ذہن میں کیا ہے، اس سب سے قطع نظر اچھی بات یہ ہے کہ فریقین یہ احساس کر رہے ہیں ایک دوسرے سے رابطہ ہنا چاہیے اور ایک دوسرے کے انسانی حقوق ہیں ان کا احترم کرنا چاہیے، یہ جو خبریں آئی ہیں میرے لیے تو ان میں تشویش کا کوئی پہلو نہیں ہے اور مسرت کے کئی پہلو ہیں۔



