وزیراعظم شہباز شریف نے ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی اہداف کے حصول کی خاطر آسان شرائط پر مالی معاونت اور سستی جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو 2035 تک کم کاربن توانائی کے منصوبوں کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر جبکہ کوئلے سے بجلی کی پیداوار کو شمسی توانائی سے تبدیل کرنے کے لیے مزید 50 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔
اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کے 31ویں اجلاس (COP31) کے رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے موسمیاتی عزائم اسی وقت پورے ہوسکتے ہیں جب عالمی مالی معاونت ان کی ضروریات اور اہداف کے مطابق فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر 35 بائی 35 کے ہدف کا حصول اسی صورت ممکن ہے جب آسان شرائط پر سرمایہ فراہم کیا جائے اور سستی جدید ٹیکنالوجی ترقی پذیر ممالک کو منتقل کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو برس کے دوران صاف توانائی کی جانب نمایاں پیش رفت کر چکا ہے اور اس عرصے میں گھروں اور کاروباری مراکز کی چھتوں پر تقریباً 22 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے اس پیش رفت کو ایک ”خاموش انقلاب“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں اور کاروباری اداروں نے سستی، قابل اعتماد بجلی اور صاف ستھرے مستقبل کے حصول کے لیے شمسی توانائی کا رخ کیا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کے جوہری توانائی پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انطالیہ روانگی سے ایک روز قبل انہوں نے ملک کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا۔ ان کے مطابق یہ جدید منصوبہ پاکستان کے قومی توانائی نظام میں 1200 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرے گا۔
2030 تک نئی گاڑیوں کی فروخت میں 30 فیصد الیکٹرک گاڑیوں کا ہدف
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے کے بعد ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی ایک بڑی تبدیلی جاری ہے اور ملک کے توانائی مکس میں صاف ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی حال ہی میں متعارف کرائی گئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں کی فروخت میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت مستقبل میں خریدی جانے والی تمام سرکاری بسوں اور موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال پاکستان میں پہلی مرتبہ فروخت ہونے والی ہر 10 موٹر سائیکلوں میں سے ایک سے زیادہ الیکٹرک موٹر سائیکلیں تھیں، جو اس شعبے میں تیزی سے بڑھتی ہوئی پیش رفت کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں صاف توانائی کی جانب تبدیلی کی رفتار حقیقی ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
’ نئی ٹیکنالوجی کو عوام کے لیے قابل رسائی بنانا ضروری ہے‘
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ مناسب مالی وسائل کے بغیر توانائی کے شعبے میں جاری تبدیلی کو برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس مقصد کے لیے بجلی کے ترسیلی نظام کو تیزی سے وسعت دینے، توانائی ذخیرہ کرنے کے جدید نظام قائم کرنے اور نئی ٹیکنالوجی کو عوام کے لیے قابل رسائی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چیلنجز ان ممالک کے لیے مزید مشکل ہیں جو پہلے ہی بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات ترقی پذیر ممالک کی معاشی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب نہ بنیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایسے توانائی نظام کی تشکیل کے لیے کام کریں جو معیشتوں کو ترقی دے، عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر توانائی فراہم کرے اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے عوام کو غریب کیے بغیر معیشتوں کو توانائی فراہم کرنے اور کرہ ارض کو تاریک کیے بغیر اپنے گھروں کو روشن رکھنے کا عزم کرنا ہوگا۔ 35 بائی 35 کے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔



