پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، پانچویں روز خراب روشنی اور وقت کی کمی کے باعث دونوں ٹیموں نے میچ ڈرا کرنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرنے کے بعد دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی ، سری لنکا نے پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے تھے۔
اس میچ کی خاص بات سعود شکیل ایک میچ میں2بار نروس نائنٹیز کاشکارہونے والےپہلےپاکستانی بیٹربن گئے، انہوں نے پہلی اننگز میں 93 اور دوسری اننگز میں 97 رنز بنائے، سعودشکیل ایک میچ میں دو بار نروس نائنٹیز کاشکار ہونےوالے دنیا کے چھٹے بیٹر بھی بن گئے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے آخری روز سری لنکا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی دوسری اننگز میں ابتدائی چار وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کو شدید دباؤ میں ڈال دیا تاہم سعود شکیل اور غازی غوری کی مزاحمت نے سری لنکا کی جیت کی امیدوں کو ختم کر دیا۔
پاکستان نے پانچویں روز کھیل کا آغاز کیا تو اس کی پوزیشن مستحکم نہیں تھی اور اسے پہلی اننگز کی بنیاد پر معمولی برتری حاصل تھی، دن کے پہلے ہی اوور میں اذان اویس غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے لہرو کمارا کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے جبکہ پانچ گیندوں بعد محمد طحہ بھی آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
اس موقع پر بابر اعظم اور سعود شکیل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔ بابر اعظم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کورز اور سیدھے میدان میں خوبصورت شاٹس کھیلے جبکہ سعود شکیل نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کا مقابلہ کیا۔
بابر اعظم کو اننگز کے دوران ایک موقع اس وقت ملا جب کامندو مینڈس نے ان کا نسبتاً آسان کیچ چھوڑ دیا تاہم بعد ازاں وہ سری لنکن بولنگ کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے، دوسری جانب سلمان علی آغا بھی سری لنکا کے فیلڈر پسندو سوریا بندارا کے شاندار کیچ کا شکار بن گئے۔
سری لنکا کے بولر ملان رتھنائیکے نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور پاکستان کی بیٹنگ لائن کو مسلسل دباؤ میں رکھا، انہوں نے دوسری اننگز میں 47 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد سری لنکا کو میچ میں واپسی کا موقع ملا، تاہم سعود شکیل اور غازی غوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی جیت کے امکانات محدود کر دیے۔
دونوں بلے بازوں نے سری لنکن بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور رنز بنانے کے ساتھ وکٹیں بھی محفوظ رکھیں۔ غازی غوری نے 35 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 97 رنز بنائے۔
غازی غوری کو ملان رتھنائیکے نے باؤنسر پر آؤٹ کیا، تاہم اس وقت تک پاکستان کی پوزیشن کافی بہتر ہو چکی تھی۔ بعد ازاں عرفات منہاس نے بھی سعود شکیل کا ساتھ دیا اور سری لنکن بولرز کو مزید کامیابی حاصل کرنے سے روکے رکھا۔
سری لنکا کے خلاف آخری روز کھیل کے اختتام سے قبل روشنی کم ہونے لگی تھی اور میچ میں نتیجہ نکلنے کے امکانات تقریباً ختم ہو چکے تھے، سعود شکیل اپنی سنچری سے صرف تین رنز دور تھے کہ انہوں نے لہرو کمارا کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند کو صحیح انداز میں نہ کھیل سکے اور بولڈ ہوگئے۔
ان کی وکٹ گرنے کے بعد دونوں ٹیموں نے میچ ختم کرنے پر اتفاق کیا اور مقررہ وقت سے تقریباً دو گھنٹے پہلے ہی میچ ڈرا قرار دے دیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں طیب عارف 57، محمد طحہ 51، بابراعظم 50، عرفات منہاس 52، غازی غوری 48 جبکہ سعود شکیل 93 رنز بنا کرنمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں کامندو مینڈس 58، کوشل مینڈس 119 اور دھننجایا ڈی سلوا 167 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
Saqib Khan’s seven-wicket haul puts Pakistan ahead as play ends early on fourth day
Read more ➡️ https://t.co/xd7HviTrtx
#PAKvSL https://t.co/PtKPv078rY
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 12, 2026
پاکستان کی جانب سے ثاقب خان نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ان کے حصے میں سات وکٹیں آئیں، محمد عباس نے دو جبکہ رضا اللہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے بابراعظم 34، غازی غور 35 اور سعود شکیل 97 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
یوں راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ دلچسپ اتار چڑھاؤ کے بعد بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، سری لنکا نے آخری روز ابتدائی سیشن میں عمدہ بولنگ سے پاکستان کو مشکلات میں ضرور ڈالا لیکن سعود شکیل اور غازی غوری کی مزاحمت نے میچ کا نتیجہ ڈرا کی صورت میں برقرار رکھا۔



