وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات ان کے وکلا کا مطالبہ تھا، آج بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات ہوگئی ہے۔
عمران خان سے آج وکلا سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر نے ملاقات کی ، جس میں قانونی معاملات، زیرِ سماعت مقدمات اور 28ویں آئینی ترمیم پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وہ اور سلمان صفدر تقریباً چار گھنٹے تک عمران خان کے ساتھ موجود رہے جبکہ بشریٰ بی بی بھی اس ملاقات میں شریک تھیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے ابھی تک باضابطہ طور پر کسی آئینی ترمیم پر کام شروع نہیں کیا، اگر کسی ترمیم پر کام شروع کیا گیا تو پہلے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے، جبکہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بنائے جا سکتے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا کا مطالبہ تھا کہ ان کی ملاقات کرائی جائے، آج عمران خان سے وکلا کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کے لیے ایک گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا لیکن ملاقات مقررہ وقت سے زیادہ جاری رہی، ملاقات کا دورانیہ بڑھنے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی آئینی ترمیم پر باضابطہ کام شروع نہیں کیا اگر ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو سب سے پہلے اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
نئے صوبوں کے معاملے پر بھی ابھی تک کوئی باقاعدہ حکومتی پالیسی سامنے نہیں آئی جبکہ مسلم لیگ (ن) جلد بازی اور عجلت میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتی۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ امکان ہے 16 نومبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ہوں گے، ایک دو ارکان نے نئے صوبوں کے حوالے سے قراردادیں جمع کرائی ہیں، ممکن ہے ان پر پارلیمنٹ میں بحث ہو۔ اپوزیشن کے دو ارکان نے بھی قرارداد جمع کرائی ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے۔ ہر جگہ نئے صوبوں کی بات ہو رہی ہے تو پارلیمنٹ میں بھی اس پر بحث ہونی چاہیے۔
’تحریک انصاف کے منشور میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام شامل ہے‘
وزیر مملکت نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے، پارٹی کے منشور میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت موجود ہے۔ 2025 میں خیبر پختونخوا اسمبلی نے ہزارہ صوبے کے قیام کے لیے قرارداد منظور کی تھی، جبکہ پی ٹی آئی کے ارکان نے بھی ہزارہ صوبے سے متعلق قرارداد جمع کرائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ دوسرے علاقوں میں نئے صوبے بنا لیے جائیں لیکن سندھ میں نیا صوبہ نہیں بننا چاہیے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی کہا ہے کہ عوامی مفاد سے متعلق ترامیم پر وہ حکومت کا ساتھ دے سکتے ہیں۔
عقیل ملک نے کہا کہ ریفرنڈم سے نئے صوبے نہیں بننے والے، اگر معاملہ ریفرنڈم کی طرف لے جایا جاتا ہے تو سیاست دانوں کے پاس عوام کے سامنے کوئی جواز نہیں ہوگا۔
’ عمران خان کی رہائی عدالتوں کے ذریعے ہی ممکن ہے‘
عمران خان کی رہائی سے متعلق سوال پر بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ان کی رہائی عدالتوں کے ذریعے ہی ممکن ہے، قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ عمران خان کو جب بھی اسپتال لایا جاتا ہے تو پی ٹی آئی قیادت کو آگاہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتیں ہوتی رہنی چاہئیں تاہم قانونی اور انتظامی معاملات کو اپنے طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے۔
پنجاب کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بعض لوگوں کے بارے میں کہا گیا کہ وہ اپنے سی وی اٹھائے پھر رہے ہیں، خواہشات ہر کسی کی ہوتی ہیں اور ہر شخص بہتر سے بہتر عہدے یا موقع کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس وقت اپنی ذمہ داریوں اور کام پر توجہ دیے ہوئے ہیں، کرپشن کے الزامات لگانے والوں کو ان کے حق میں ثبوت بھی فراہم کرنے چاہئیں۔
عقیل ملک نے مزید کہا کہ رابطوں کا فقدان ایک مسئلہ ہے، پارٹی کے اپنے ورکرز، ارکان قومی اسمبلی اور ارکان صوبائی اسمبلی سے رابطہ ہونا چاہیے۔ بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں تو گورننس کے مسائل میں کمی آ سکتی ہے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر جنریٹر کے معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ جنریٹر سی ڈی اے کو پہلے کیوں نظر نہیں آیا؟
ملاقاتیں ہوتی رہنی چاہئیں، غلط فہمیاں دور ہوں گی، قمر زمان کائرہ
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی ملاقاتیں ہوتی رہنی چاہئیں کیونکہ اس سے غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں، بلاول بھٹو بھی کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت نئی آئینی ترمیم کے حوالے سے مختلف لوگ مختلف باتیں کر رہے ہیں جبکہ مریم نواز کا نئی ارینجمنٹ سے متعلق بیان کئی اشارے دیتا ہے، ہمارے ملک میں تبدیلیاں اکثر اسی طرح کے اشاروں سے ہوتی ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جہاں نئے صوبوں کا مطالبہ موجود ہے وہاں نئے صوبے بننے چاہئیں، مسلم لیگ (ن) پنجاب میں نئے صوبے بنانا چاہتی ہے تو بنا لے تاہم پیپلز پارٹی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نئے صوبوں کا مطالبہ نہیں کر رہی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جن اسمبلیوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادیں منظور کی ہیں ان پر عمل درآمد ہونا چاہیے لیکن نئے صوبے عوام کی رائے اور خواہشات کے مطابق بننے چاہئیں۔
’چودھری سالک کا معاملہ اتنا سنجیدہ نہیں‘
چودھری سالک کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ معاملہ اتنا سنجیدہ نہیں، چودھری سالک نے بات کی اور انہیں نوٹس دے دیا گیا بعد میں معافی تلافی ہو جائے گی۔
انہوں نے اس معاملے کو فکس میچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چودھری سالک کہیں گے کہ ہم نے آپ کو ایسا کرنے کے لیے نہیں کہا تھا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے سے یہ کہتی رہی ہے کہ عمران خان سے ملاقاتیں ہونی چاہئیں۔ اگر تحریک انصاف کسی ڈیل کے تحت اپنے بانی کے لیے کوئی ریلیف حاصل کرتی ہے تو پیپلز پارٹی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت میں ہے جبکہ نئے صوبوں کا فیصلہ بھی عوامی خواہشات اور متعلقہ آئینی و پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے۔



