امریکا میں 2028 کے صدارتی انتخابات میں ابھی ایک سال سے زائد وقت باقی ہے، تاہم وائٹ ہاؤس کے اگلے ممکنہ امیدواروں کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں اور جوڑ توڑ شروع ہوگئے ہیں۔ رائٹرز اور اِپسوس کے تازہ سروے میں ریپبلکن پارٹی کے مارکو روبیو اور جے ڈی وینس جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کے جون اوسوف اور پیٹ بٹگیگ نمایاں ممکنہ امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
سروے کے مطابق ریپبلکن ووٹرز میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو 45 فیصد افراد نے بہترین صدارتی امیدوار قرار دیا جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس کو 43 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہوئی۔
امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کو ڈیموکریٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے 255 نشستیں جیتیں جبکہ ری پبلکن کے حصے میں 168 نشستیں آئیں۔ انتخابی نتائج یہ ظاہر کرتے ہیں کہ عوام صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے نالاں ہیں اور 2028 میں ہونے والے انتخابات میں عوام بڑا سرپرائز دے سکتے ہیں۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات 2028 کے لیے دونوں بڑی سیاسی جماعتوں میں ممکنہ امیدواروں کی مقبولیت جانچنے کے لیے کیے گئے سروے میں ریپبلکن ووٹرز کی اکثریت نے موجودہ وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس کو پسندیدہ امیدواروں میں شامل کیا ہے جبکہ ڈیموکریٹک ووٹرز میں جارجیا کے سینیٹر جون اوسوف اور سابق وزیر ٹرانسپورٹ پیٹ بٹگیگ کو نمایاں حمایت حاصل ہوئی ہے۔
ریپبلکن پارٹی میں مارکو روبیو کو معمولی برتری
سروے کے مطابق ریپبلکن ووٹرز میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو 45 فیصد افراد نے بہترین صدارتی امیدوار قرار دیا جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس کو 43 فیصد ووٹرز نے اس معیار پر پورا اترنے والا امیدوار سمجھا۔
اس طرح روبیو نے مقبولیت کے ابتدائی جائزے میں جے ڈی وینس پر 2 فیصد پوائنٹس کی برتری حاصل کی ہے۔ مارکو روبیو کے حق میں رائے دینے والے ووٹرز کا خیال ہے کہ وہ ایک متوازن شخصیت کے حامل ہیں اور حکومتی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے غیر ضروری تنازعات سے دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔
فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی ایک وکیل باربرا ریزنر ، جنہوں نے گزشتہ تینوں صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیا، سروے کے دوران روبیو کو وینس پر ترجیح دی۔ ان کے مطابق وینس کا سیاسی رجحان ضرورت سے زیادہ دائیں بازو کی جانب ہے اور وہ صدر ٹرمپ کے بہت قریب ہیں، جبکہ روبیو نے اپنی ذمہ داریاں نسبتاً بہتر انداز میں انجام دی ہیں۔
جے ڈی وینس بھی مضبوط امیدواروں میں شامل
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی ریپبلکن پارٹی کے مضبوط ممکنہ صدارتی امیدواروں میں شامل ہیں، سروے میں 43 فیصد ریپبلکن ووٹرز نے انہیں بہترین امیدوار قرار دیا۔
تاہم رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی پالیسیوں خصوصاً ایران کے ساتھ جنگ اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ریپبلکن ووٹرز میں کچھ عدم اطمینان پایا جاتا ہے۔
جے ڈی وینس نے بھی بعض مواقع پر ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں سے فاصلہ ظاہر کرنے کے اشارے دیے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی خراب کارکردگی کی ایک وجہ ایران کے ساتھ جنگ بھی تھی۔
صدر ٹرمپ نے بھی اپنے قریبی سیاسی ساتھیوں سے یہ سوال کیا ہے کہ وہ جے ڈی وینس اور مارکو روبیو میں سے کس کو زیادہ پسند کرتے ہیں تاہم ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں اشارہ دیا کہ وہ ریپبلکن صدارتی پرائمری میں لازمی طور پر کسی ایک امیدوار کی حمایت کا اعلان نہیں کریں گے۔
ریپبلکن پارٹی میں صرف روبیو اور وینس ہی نہیں بلکہ فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس بھی ایک اہم ممکنہ امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
سروے کے مطابق 32 فیصد ریپبلکن ووٹرز نے ڈی سینٹس کو بہترین صدارتی امیدوار قرار دیا۔اس کے علاوہ صدر ٹرمپ کے صاحبزادے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز کے نام بھی 2028 کے ممکنہ صدارتی امیدواروں کے حوالے سے زیر بحث ہیں تاہم ان شخصیات کے بارے میں ووٹرز کی آرا تقسیم ہیں۔
ڈیموکریٹک پارٹی میں جون اوسوف اور پیٹ بٹگیگ آگے
ڈیموکریٹک پارٹی کے ممکنہ امیدواروں میں جارجیا کے سینیٹر جون اوسوف اور سابق وزیر ٹرانسپورٹ پیٹ بٹگیگ نمایاں حیثیت اختیار کرگئے ہیں۔رائٹرز اور اِپسوس کے سروے میں دونوں رہنماؤں کو 29، 29 فیصد ڈیموکریٹک ووٹرز نے بہترین صدارتی امیدوار قرار دیا۔
جون اوسوف نے حالیہ مہینوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرکے خاصی توجہ حاصل کی ہے، انہوں نے صدر ٹرمپ کو بدعنوان اور عہدے کے لیے نااہل قرار دینے جیسے سخت بیانات دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے جارجیا میں ہونے والے دوبارہ انتخاب میں بھی جون اوسوف نے 18 فیصد پوائنٹس کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی، دلچسپ بات یہ ہے کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی ریاست میں 2 فیصد پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسری جانب پیٹ بٹگیگ پہلے بھی 2020 کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کے لیے انتخابی مہم چلا چکے ہیں، اس لیے انہیں جون اوسوف کے مقابلے میں قومی سطح پر زیادہ شہرت حاصل ہے۔
سروے میں ایک دلچسپ پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ تقریباً پانچ میں سے ایک ڈیموکریٹک ووٹر پیٹ بٹگیگ کے بارے میں معلومات نہیں رکھتا جبکہ تقریباً تین میں سے ایک ووٹر جون اوسوف کے نام سے بھی واقف نہیں۔
ماہرین کے مطابق صدارتی انتخابات میں کسی امیدوار کی قومی سطح پر شناخت اور شہرت اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ پہلے سے معروف امیدوار کو اپنی تشہیر اور انتخابی مہم کے لیے نسبتاً کم وسائل خرچ کرنا پڑتے ہیں۔
تاہم امریکی سیاسی تاریخ میں ایسی مثالیں بھی موجود ہیں جہاں کم شہرت رکھنے والے امیدوار انتخابی مہم کے دوران غیر معمولی مقبولیت حاصل کرکے کامیاب ہوئے جیسا کہ سابق صدر بل کلنٹن کے معاملے میں دیکھا گیا تھا۔
ڈیموکریٹس میں کملا ہیرس اور گیون نیوسم کی پوزیشن
ڈیموکریٹک پارٹی کے دیگر ممکنہ امیدواروں میں سابق نائب صدر کملا ہیرس اور کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم بھی شامل ہیں۔ سروے کے مطابق دونوں رہنماؤں کو 23، 23 فیصد ڈیموکریٹک ووٹرز نے بہترین صدارتی امیدوار قرار دیا۔
کملا ہیرس 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں شکست کھا چکی ہیں تاہم ڈیموکریٹک پارٹی میں ان کی سیاسی اہمیت برقرار ہے۔
دوسری جانب گیون نیوسم بھی پارٹی کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور انہیں مستقبل کے صدارتی امیدوار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
نیویارک سے تعلق رکھنے والی کانگریس کی رکن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کو صرف 15 فیصد ڈیموکریٹک ووٹرز نے بہترین امیدوار قرار دیا، وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ترقی پسند دھڑے کی نمایاں آواز سمجھی جاتی ہیں۔
ڈیموکریٹس میں اعتدال پسند امیدواروں کی ترجیح
سروے میں یہ بھی ظاہر ہوا کہ ڈیموکریٹک ووٹرز کے ایک حصے میں اعتدال پسند سیاسی سوچ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جارہی ہے۔ جون اوسوف اور پیٹ بٹگیگ دونوں کو پارٹی کے نسبتاً اعتدال پسند رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ریاست الینوائے سے تعلق رکھنے والے ایک ریٹائرڈ کسان ایڈ بلیئر نے سروے کے دوران پیٹ بٹگیگ کو بہتر امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ ترقی پسند پالیسیوں کے بجائے اعتدال پسند اور مرحلہ وار اصلاحات کو ترجیح دیتے ہیں۔
ان کے مطابق ملک میں بڑی تبدیلیاں اچانک نافذ کرنے کے بجائے چھوٹے اقدامات کے ذریعے متعارف کرائی جانی چاہئیں تاکہ عوام کو ان تبدیلیوں کو قبول کرنے کا وقت مل سکے۔
پیٹ بٹگیگ نے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کے معاملے پر بھی محتاط مؤقف اختیار کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے جبکہ الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز نے وسط مدتی انتخابات کے بعد کہا تھا کہ ٹرمپ کے مواخذے کا آپشن زیر غور رہنا چاہیے۔
ٹرمپ کی گرتی مقبولیت اور ایران جنگ کا اثر
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی دونوں سیاسی جماعتوں کے لیے 2028 کے انتخابات کی حکمت عملی کا اہم موضوع بن چکی ہے۔
ریپبلکن پارٹی میں اس حوالے سے اختلافات پائے جاتے ہیں کہ آئندہ صدارتی امیدوار کو ٹرمپ کی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھنا چاہیے یا ان سے مختلف راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
ایران کے ساتھ جنگ، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور خارجہ پالیسی کے معاملات نے بھی ریپبلکن ووٹرز کی آرا پر اثر ڈالا ہے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی حالیہ 3 نومبر کے کانگریسی انتخابات میں ریپبلکنز کے خلاف کامیابی کے بعد سیاسی طور پر پُراعتماد دکھائی دے رہی ہے، تاہم پارٹی کے اندر یہ بحث جاری ہے کہ صدر ٹرمپ کے خلاف کتنی سخت سیاسی حکمت عملی اپنائی جائے اور آیا ان کے مواخذے کا مطالبہ کیا جائے یا نہیں۔
سیاسی ماہرین کی رائے اور سروے کے اہم اعداد و شمار
ڈیموکریٹک پارٹی کی سیاسی حکمت عملی سے وابستہ ماہر ایلین کامارک نے خبردار کیا ہے کہ 2028 کے انتخابات میں ابھی کافی وقت باقی ہے، اس لیے موجودہ سروے کو حتمی سیاسی صورتحال سمجھنا درست نہیں ہوگا۔
ان کے مطابق دونوں جماعتوں میں ابھی کئی ایسے رہنما موجود ہیں جو صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ بھی نہیں کرپائے۔ ممکنہ امیدواروں کے ناموں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، لیکن اس مرحلے پر یہ پیش گوئی کرنا ممکن نہیں کہ انتخابات کے وقت کون امیدوار آگے ہوگا۔
سروے کے اہم اعداد و شمار کے مطابق مارکو روبیو کو 45 فیصد ریپبلکن ووٹرز کی حمایت حاصل ہے، جے ڈی وینس کو 43 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے، رون ڈی سینٹس کو 32 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔
جون اوسوف کو 29 فیصد ڈیموکریٹک ووٹرز کی حمایت حاصل ہے، پیٹ بٹگیگ کو 29 فیصد، کملا ہیرس کو 23 فیصد، گیون نیوسم کو 23 فیصد جبکہ الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کو 15 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔
یہ سروے امریکا بھر میں ایک ہزار 705 بالغ افراد سے کیا گیا، جن میں دونوں بڑی جماعتوں کے تقریباً 500، 500 رجسٹرڈ ووٹرز شامل تھے۔ سروے پیر کے روز مکمل ہوا جبکہ ریپبلکن اور ڈیموکریٹک ووٹرز کے نتائج کے لیے غلطی کا ممکنہ مارجن 5 فیصد پوائنٹس بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ تمام نام 2028 کے امریکی صدارتی انتخابات کے ممکنہ امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ تاحال ان میں سے کسی نے بھی باضابطہ انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان نہیں کیا۔ امریکی صدارتی انتخابات سے قبل سیاسی صورتحال، جماعتی نامزدگیوں اور ووٹرز کی ترجیحات میں نمایاں تبدیلیاں آسکتی ہیں۔


