مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کے حالیہ واقعات میں دو بھارتی پولیس افسران ہلاک جب کہ پیراملٹری فورسز کے تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو دو پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق ان دونوں افسران کی لاشیں سری نگر کے جنوب مشرق سے لگ بھگ 220 کلومیٹر دور کشتواڑ کے علاقے سے ملی ہیں۔ ایک روز قبل اسی علاقے سے ان دونوں افسران کے لاپتا ہونے کی اطلاع ملی تھی جب کہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے جمعرات کو فائرنگ کی آوازیں بھی سنیں۔
واقعے کے بارے میں ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ دونوں افسران کی لاشیں ”گولیوں کے زخموں“ کے ساتھ ملیں۔
ان کے بقول واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ البتہ پولیس نے فائرنگ کے واقعے سے متعلق مزید تفیصلات نہیں بتائیں۔
اس سے قبل بدھ کو ایک علیحدہ واقعے میں پولیس کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے تین اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ضلع کلگام میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر پیش آیا۔
فائرنگ کے اس واقعے نے بھارتی وزیرِ اعظم کے ان دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک سال کے دوران سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
نریندر مودی نے کچھ روز قبل یہ دعویٰ کیا تھا کہ 47 برسوں میں پہلی بار ہے کہ بھارت میں سی آر پی ایف کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔


