خیبرپخونخوا میں گورنر راج سے متعلق وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کے خلاف خیبر پختونخوا بار کونسل کی اپیل پر وکلا نے آج پشاور ہائی کورٹ سمیت صوبے کی تمام ماتحت عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
گزشتہ ہفتے وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس (ایم پی او) کے تحت گرفتاریوں کے مقدمات سننے سے روک دیا تھا۔
بعد ازاں آئینی عدالت کے حکم پر پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ اور معزول وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنماؤں کی حراست کے خلاف دائر درخواستیں کاز لسٹ سے ڈی لسٹ کردی تھیں۔
خیبر پختونخوا بار کونسل نے اس حوالے سے آئینی عدالت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹس کے اختیارات معطل کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے اور یہ صوبے میں بنیادی حقوق ختم کرنے کے مترادف ہے۔
بار کونسل کے مطابق صوبے کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔
دوسری جانب صدر خیبر پختونخوا بار کونسل محمد رفیق مہمند نے اعلان کیا ہے کہ کونسل متعلقہ مقدمے میں فریق بننے کے لیے بھی درخواست دائر کرے گی۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں وفاقی حکومت نے رواں برس 11 اکتوبر کو ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ کیا گیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں گورنر راج اور صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کو چیلنج کرنے کے لیے متعدد درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔
درخواست گزاروں میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی، خیبر پختونخوا بار کونسل، محسن داوڑ، شاندانہ گلزار اور قیصر علی شاہ ایڈووکیٹ شامل تھے۔ وفاقی آئینی عدالت کے حکم کے بعد ان درخواستوں کی سماعت بھی متاثر ہوئی ہے۔
پشاور ہائی کورٹ سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کی بازیابی کے لیے بھی رجوع کیا گیا تھا۔ یہ درخواستیں بھی کاز لسٹ سے ڈی لسٹ کردی گئی ہیں۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ صوبے بھر میں آرٹیکل 245 کے تحت مسلح افواج کی سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تعیناتی کے باعث آرٹیکل 245 کی شق 4 کے تحت متعلقہ کارروائیاں معطل رہیں گی۔



