ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر میں لوہے اور اسٹیل کے کارخانے میں دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد فیکٹری کے ملازم تھے، جائے وقوعہ کی فوٹیج میں فیکٹری کے اندر بڑے پیمانے پر آگ اور دھوئیں کے بلند بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حباس آئرن اینڈ اسٹیل مینوفیکچرنگ پلانٹ میں دھماکا اس وقت ہوا جب متبادل بوائلر لے جانے والی کرین گر گئی اور اس پر موجود سامان نیچے بھٹی میں جا گرا۔
ازمیر کے گورنر آفس کے مطابق زخمیوں کو علاج کیلیے علاقے کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، 14 زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے بعد ملبے تلے دبے مزید 10 افراد کو نکالنے کیلیے آپریشن جاری ہے۔
ایک عینی شاہد ڈینز الکر نے انادولو نیوز ایجنسی کو بتایا “ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے زمین ہمارے قدموں کے نیچے ہل رہی ہو، مجھے لگا کہ زلزلہ آیا ہے۔ جب میں نے سڑک کے دوسری جانب واقع کارخانے کی طرف دیکھا تو وہاں سے گھنا سیاہ دھواں اٹھ رہا تھا۔ جہاں چمنی تھی، وہاں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
فیکٹری میں بطور ٹرک ڈرائیور کام کرنے والے تران ال بے نے کہا کہ”ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی بم پھٹا ہو،”
ازمیر کے میئر جمیل توغائے نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں ابتدائی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کارخانے میں کام کرنے والے کئی افرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ملبہ ہٹائے جانے کے بعد ہی ہلاکتوں اور زخمیوں کی صحیح تعداد سامنے آئے گی۔”
Bugün Aliağa’daki demir çelik fabrikasında meydana gelen patlama hepimizi derinden sarstı; gün boyunca ilgili tüm ekiplerimiz sahada görev başındaydı, dualarımız ise fabrikadaki hemşehrilerimiz içindi.
Çalışma ve Sosyal Güvenlik Bakanımız Sayın Vedat Işıkhan, Enerji ve Tabii Kaynaklar Bakanımız Sayın Alparslan Bayraktar ve Sağlık Bakanımız Sayın Kemal Memişoğlu ile birlikte Aliağa’dayız.
Kazada yaşamını yitiren yurttaşlarımıza bir kez daha Allah’tan rahmet; acılı ailelerine, yakınlarına başsağlığı ve sabır diliyorum. Yaralılarımızın ise bir an önce sağlıklarına kavuşmalarını temenni ediyorum. Hepimize geçmiş olsun.
— Dr. Cemil Tugay (@drcemiltugay) November 9, 2026
دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، بائیں بازو کی ایجین ورکرز کلیکٹو کے دو نمائندوں کو اسپتال کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا، جہاں زخمیوں کو منتقل کیا گیا تھا۔ وہ کام کی جگہ پر حفاظتی انتظامات سے متعلق بیان دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
خیال رہے ترکیہ میں اس سے قبل بھی فیکٹریوں اور صنعتی مراکز میں دھماکوں کے متعدد بڑے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
دسمبر 2024 میں ترکیہ کے صوبے بالکسیر میں بارود بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 12 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے تھے، جون 2023 میں دارالحکومت انقرہ کے قریب راکٹ اور دھماکا خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 5 مزدور جان سے گئے۔
جولائی 2020 میں سکاریا کے علاقے ہندیک میں آتش بازی بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 7 افراد ہلاک اور 127 زخمی ہوئے تھے۔ مئی 2014 میں صوبہ مانسیا لے ضلع سوما کی کوئلے کی کان میں سب سے خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں آگ لگنے سے 301 کان کن لقمہ اجل بنےے تھے۔


