ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا کے ساتھ جاری ’نہ جنگ، نہ امن‘ کی صورتحال کو باوقار انداز میں مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بعد سے منظرِ عام سے غائب ہیں۔ اس حملے میں ان کے والد اور سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای شہید اور مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے بعد سے اب تک ان کی کوئی مصدقہ ویڈیو یا عوامی سطح پر موجودگی سامنے نہیں آئی۔
ایرانی حکام کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای محفوظ مقام پر موجود ہیں اور وہیں سے ملک کے امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وہ اعلیٰ حکام اور حکومتی عہدیداروں کو ملکی، دفاعی اور سفارتی معاملات پر ہدایات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ اہم قومی فیصلوں میں بھی رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔
ایران ڈیری انڈسٹریز کمپنی کے قیام کی 72 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ اگر مذاکرات کے ذریعے ایران کے حقوق حاصل کئے جا سکتے ہیں تو جنگ سے گریز کرنا چاہئے تاہم دھمکیوں، دباؤ اور طاقت کے سامنے ایران کبھی سر تسلیم خم نہیں کرے گا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران برابری اور انصاف کی بنیاد پر مذاکرات کا حامی ہے لیکن کسی قسم کی زبردستی قبول نہیں کرے گا، ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے ایران اپنی صلاحیتوں پر انحصار جاری رکھے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کے مؤثر استعمال اور پیٹرول، بجلی اور گیس کی بچت پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا تھا کہ اسرائیل امریکا کو ایران کیساتھ نہ ختم ہونے والی جنگ میں گھسیٹنے کیلیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، ایسا دلدل جس سے کوئی بھی امریکی صدر، خواہ وہ موجودہ ہو یا مستقبل کا، ریپبلکن ہو یا ڈیموکریٹ، نکل نہیں سکے گا۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کی دو روزہ تجویز اب بھی برقرار ہے، امریکا تمام محاذوں پر جنگ ختم کرنے سمیت ہمارے مطالبات تسلیم کرے یا پھر جنگ کیلیے تیار ہو جائے۔



