امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج پیر کو وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی سے ملاقات کریں گے، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ اگلے ہفتے چین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے شیڈول میں ٹرمپ کی قطری وزیر اعظم سے ملاقات شامل ہے، جو بند کمرے میں ہوگی اور نائب صدر جے ڈی وینس بھی قطری رہنما سے ملاقات کریں گے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی قطر کے وزیر اعظم کے ساتھ وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قطر ایران کے جوہری پروگرام اور جاری جنگ کے خاتمے کی شرائط پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطوں اور اختلافات کم کرنے کی کوششوں میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اتوار کو کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں اب تک زیادہ پیش رفت نہیں ہوئی اور انہیں فوری طور پر کسی بڑی پیش رفت کی توقع نہیں۔
پیرس میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل فلوریڈا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم ایران کے بعض مطالبات ناقابل قبول ہیں اور کچھ مطالبات ان کے بقول ’غیر معقول، مضحکہ خیز اور حقیقت سے بعید‘ ہیں۔
U.S. Secretary of State Marco Rubio said negotiations with Iran had been “not very productive,” describing Tehran’s demands as “unacceptable, in some cases outrageous, and ridiculous.” https://t.co/aNwxvBGrOG
— Open Source Intel (@Osint613) November 8, 2026
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے اتوار کو کہا تھا کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت ہوئی اور کوئی مضبوط معاہدہ طے پا گیا تو ان کے ایران پر نئے حملوں کا حکم دینے کا امکان بہت کم ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ نے مزید بنیادی انفراسٹرکچر کے اہداف کی نشاندہی کر رکھی ہے، جن میں پل بھی شامل ہیں، اور اگر فوجی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ادھر ٹرمپ نے اتوار کو فلوریڈا سے واشنگٹن واپسی کے لیے روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ اگلے ہفتے چین کے شہر شین ژین میں ہونے والے اپیک سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جائیں گے، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات متوقع ہے۔
Trump: ‘I’m going to be going to China, for meeting with President PUTIN & President XI
One of the things we’ll be talking is denuclearization’ https://t.co/2XdJ3jCghR
— RT (@RT_com) November 9, 2026
انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے سمیت متعدد امور پر بات ہوگی اور ایران کی جنگ ختم کرنے کی کوششیں بھی زیر بحث آئیں گی۔ اپیک سربراہی اجلاس 18 اور 19 نومبر کو شین ژین میں منعقد ہوگا۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے اکتوبر میں بھی شی جن پنگ اور پیوٹن کے ساتھ تین ملکی اسلحہ کنٹرول مذاکرات میں دلچسپی ظاہر کی تھی، جن کا بنیادی محور جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا معاملہ ہونا تھا۔
بعد ازاں امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا تھا کہ پیوٹن نے اس تین ملکی ملاقات میں یوکرین کے ساتھ جاری طویل جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی تجویز بھی پیش کی تھی۔
ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کے پروگرام ’60 منٹس‘ کو انٹرویو میں کہا کہ ان کے خیال میں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے کے معاہدے کے لیے فریقین بہت قریب ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں یوکرین کی جغرافیائی شکل کچھ مختلف ہو سکتی ہے، البتہ انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔
