کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ کیس کی تحقیقات دوبارہ نہ کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ بورڈ اس معاملے کی تحقیقات کے نتیجے سے اب بھی مطمئن ہے۔
مارچ 2018 میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی ٹیم بال ٹیمپرنگ کے تنازع میں پھنس گئی تھی۔ میچ کے دوران آسٹریلوی اوپنر کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی سطح خراب کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمرے کی آنکھ نے پکڑ لیا تھا۔
اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی تحقیقات میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔
اسٹیو اسمتھ سے کپتانی واپس لے کر ایک سال کے لیے کرکٹ سے معطل کر دیا گیا تھا۔ جبکہ ڈیوڈ وارنر کو بھی ایک سال اور کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ کا کہنا ہے کہ مجھے عثمان خواجہ کا بے حد احترام ہے کہ انہوں نےمعاملے سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا۔ تاہم بورڈ سمجھتا ہے کہ کیس دوبارہ کھولنے کی کوئی ٹھوس وجہ موجود نہیں۔
Cricket Australia won’t reopen the sandpaper probe.
CEO Todd Greenberg responds to Usman Khawaja’s claims about the 2018 Cape Town Test 👇 https://t.co/8JBr0LHpZy
— Cricbuzz (@cricbuzz) November 10, 2026
ٹوڈ گرینبرگ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آگے کی طرف دیکھا جائے، بورڈ کا بھی اس معاملے پر یہی واضح مؤقف ہے، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اس معاملے پر جلد بات کریں گے۔
گزشتہ روز آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر نے سابق ساتھی کرکٹر عثمان خواجہ کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق دعوؤں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بیان 100 فیصد درست ہے اور اب حقیقت سب کے سامنے آ گئی ہے۔
View this post on Instagram
ڈیوڈ وارنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے بیان میں کہا کہ اس موضوع پر بات کیے انہیں 8 سال گزر چکے ہیں تاہم وہ اپنے سابق ساتھی اور قریبی دوست عثمان خواجہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تین روز قبل عثمان خواجہ نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گیند کی حالت خراب کرنے کے منصوبے سے صرف بیٹرز نہیں بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم، بولرز اور ٹیم اسٹاف بھی آگاہ تھے۔
عثمان خواجہ کی خودنوشت سوانح عمری رواں ہفتے شائع ہونے والی ہے، جس میں اس اسکینڈل کے حوالے سے ایک مکمل باب بھی شامل کیا گیا ہے۔



