تربیلا پانچویں توسیع ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے کے نتیجے میں سرنگ اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں پانی داخل ہوگیا، جس کے بعد ورکرز کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
واپڈا کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ کنیکٹنگ ٹنل کے دوسرے بینچ کی کھدائی کے دوران پیش آیا، جب چٹان کا ایک کمزور حصہ اچانک منہدم ہوگیا، چٹان گرنے کے باعث آبی ذخیرے کے انٹیک اسٹرکچر سے پانی سرنگ اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔
واپڈا ترجمان کا کہنا ہے کہ انٹیک اسٹرکچر سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق منصوبے کے زیریں حصوں میں واقع تعمیراتی مقامات کی جانب مزید پانی داخل نہیں ہورہا۔ واپڈا کے سینئر حکام، کنسلٹنٹس اور ٹھیکیدار صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ منصوبے کو درپیش مسائل کا حل نکالا جاسکے۔
ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی خبروں کی تردید
واپڈا نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 کے منہدم ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مرکزی سرنگ، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ واپڈا نے واضح کیا ہے کہ پیش آنے والا واقعہ کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے کے باعث پیش آیا، اسے مرکزی ٹنل کے انہدام سے تعبیر کرنا درست نہیں۔
تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبے کو اس سے قبل اگست 2025 میں بھی ایک بڑے حادثے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب منصوبے کا حفاظتی کوفرڈیم منہدم ہوگیا تھا، اس واقعے کے نتیجے میں تعمیراتی مقام پر پانی بھر گیا اور منصوبے پر کام روکنا پڑا تھا۔
بعد ازاں حکومت کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے گزشتہ واقعے کا ذمہ دار واپڈا، ٹھیکیدار اور کنسلٹنٹ کو قرار دیا تھا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کوفرڈیم کے ڈیزائن میں غیر مجاز تبدیلیاں کی گئیں، نگرانی کا نظام ناکافی تھا اور معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزیاں بھی کی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کوفرڈیم کا ڈیزائن رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ سے تبدیل کرکے راک فل اسٹرکچر میں تبدیل کیا گیا، جس سے اس کی مضبوطی متاثر ہوئی اور بالآخر وہ منہدم ہوگیا۔
منصوبے کی لاگت 82 ارب سے بڑھ کر 317 ارب روپے تک پہنچ گئی
اگست 2025 کے واقعے کے باعث منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی جبکہ اس کی تخمینہ لاگت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔
منصوبے کی ابتدائی لاگت 82 ارب روپے مقرر کی گئی تھی جو بڑھ کر تقریباً 317 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ اس طرح منصوبے کی لاگت میں 285 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
منصوبہ ابتدائی طور پر بہت پہلے مکمل ہونا تھا تاہم اب اس کی تکمیل کا ہدف 30 جون 2028 مقرر کیا گیا ہے۔
تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبہ کیا ہے؟
تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو ٹی فائیو (T5) بھی کہا جاتا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد تربیلا ڈیم کی پانچویں آبپاشی سرنگ کو بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال میں لانا ہے۔
منصوبے کے تحت ٹنل نمبر 5 پر 510 میگاواٹ کی استعداد کے تین بجلی پیدا کرنے والے یونٹ نصب کیے جائیں گے، جس سے مجموعی طور پر 1530 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہوسکے گی۔
یہ سرنگ اصل میں اس مقصد کے لیے تعمیر کی گئی تھی کہ جب تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم ہو تو آبپاشی کے لیے پانی خارج کیا جاسکے۔
تربیلا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6418 میگاواٹ ہوجائے گی
تربیلا ڈیم دریائے سندھ پر خیبر پختونخوا میں تعمیر کیا گیا تھا اور 1976 میں مکمل ہوا۔ یہ دنیا کے بڑے مٹی سے تعمیر کردہ ڈیموں میں شمار ہوتا ہے۔
ڈیم کا بنیادی کردار آبپاشی کے لیے پانی ذخیرہ کرنا، دریاؤں کے بہاؤ کو منظم کرنا اور بجلی پیدا کرنا ہے۔
تربیلا ڈیم کی ابتدائی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 700 میگاواٹ تھی، جس میں بعد ازاں مختلف توسیعی منصوبوں کے ذریعے اضافہ کیا گیا۔
ٹنل نمبر 1، 2، 3 اور 4 کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا جبکہ چوتھے توسیعی منصوبے کے تحت 1410 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت شامل کی گئی جو 2018 میں فعال ہوا۔
اس توسیع کے بعد تربیلا ڈیم کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4888 میگاواٹ ہوگئی تھی۔ ففتھ ایکسٹینشن منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ صلاحیت بڑھ کر 6418 میگاواٹ ہوجائے گی۔
سالانہ 1 ارب 34 کروڑ سے زائد یونٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ
واپڈا کے مطابق تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبے سے سالانہ تقریباً 1 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
منصوبے کے لیے عالمی بینک نے 390 ملین ڈالر جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) نے 300 ملین ڈالر کے قرضے فراہم کیے ہیں۔
یہ منصوبہ واپڈا کی جانب سے ملک میں ماحول دوست، صاف اور کم لاگت بجلی کی پیداوار بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
واپڈا کے مطابق ٹنل نمبر 5 کو بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے سے پانی کے اخراج کے ساتھ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی اور سرنگ کا آبپاشی کے لیے استعمال بھی برقرار رہے گا۔
منصوبے کا مقصد تربیلا کے آبی وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا اور ملک کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
حالیہ واقعے کے بعد منصوبے کی تعمیراتی صورتحال، حفاظتی انتظامات اور آئندہ پیش رفت پر واپڈا حکام کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے۔



