رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا سوشل میڈیا خود پارٹی چلا رہی ہے۔
پی ٹی آئی والے غلط بیانی کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر سرگرم ان لوگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، تحریک انصاف نے آج تک بطورجماعت کبھی ان عناصرسے لاتعلقی کا اظہارنہیں کیا۔
ہم نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے شیرافضل مروت نے کہا کہ ان لوگوں کو ایسی شخصیات کی حمایت حاصل ہے جو بانی پی ٹی آئی سے فیصلے کرواتی ہیں۔
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پرپنجاب سے تعلق رکھنے والے لوگ چھائے ہوئے ہیں، تحریک انصاف کو ان لوگوں سے پہلے ہی لاتعلقی کا اظہارکردینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں بطور جماعت سنجیدگی کا فقدان ہے، بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین شپ کے علاوہ کچھ نہیں دیا، پارٹی کے تمام فیصلے بانی کے نام پراڈیالہ جیل کے باہر ہوتے ہیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا فالورز کی سب سے بڑی تعداد یورپ میں موجود ہے جبکہ تحریک انصاف کا ٹوئٹراکاؤنٹ امریکا سے آپریٹ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری خواہش ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں، پارٹی کے اندر سنجیدگی کا فقدان اور سوشل میڈیا کے معاملات پر دوہرا مؤقف اختیار کرنا قابلِ غور ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف کو چاہیے تھا کہ وہ سوشل میڈیا پرسرگرم ایسے لوگوں سے بروقت اپنی لاتعلقی واضح کرتی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔



