دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے اپنے ہوم پیج میں ایک بڑی تبدیلی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت روایتی گوگل سرچ بٹن کو ختم کرکے اس کی جگہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں، اس اقدام کا مقصد صارفین کے لیے گوگل کے (جیمنائی) اے آئی اور اے آئی موڈ تک رسائی آسان بنانا ہے۔
گوگل کی جانب سے اپنے ہوم پیج کے روایتی ڈیزائن میں شاذ و نادر ہی تبدیلی کی جاتی ہے تاہم مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر کمپنی تقریباً 25 سال بعد اب اپنے سرچ انجن کو نئے انداز میں پیش کر رہی ہے۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نئے ڈیسک ٹاپ ہوم پیج کی جھلک شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں اس نئے انٹرفیس کی مرحلہ وار فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
نئے ڈیزائن کے تحت گوگل سرچ باکس کے نیچے موجود روایتی گوگل سرچ بٹن کو ہٹا دیا گیا ہے جبکہ اس کی جگہ تین نئے آپشنز شامل کیے گئے ہیں۔
پہلا آپشن نینو بنانا (Nano Banana) کے ذریعے تصاویر بنانے کے لیے ہوگا، جس کی مدد سے صارفین تحریری ہدایات دے کر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تصاویر تیار کر سکیں گے۔
دوسرا آپشن Ask about files ہوگا، جس کے ذریعے صارفین اپنی فائلز اپ لوڈ کرکے ان کے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے، دستاویزات کا تجزیہ کروا سکیں گے اور مطلوبہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔
تیسرا آپشن Brainstorm ہوگا، جس کے ذریعے صارفین جیمنائی اے آئی کی مدد سے نئے خیالات، منصوبوں اور تخلیقی کاموں کے لیے تجاویز حاصل کر سکیں گے۔
اس کے ساتھ گوگل کا روایتی I’m Feeling Lucky بٹن بھی برقرار رکھا گیا ہے، جسے پہلے تبدیل کرنے یا ختم کرنے پر غور کیا جا رہا تھا۔
اے آئی سرچ کی پرانی گفتگو بھی محفوظ اور دستیاب ہوگی
گوگل کے نئے ہوم پیج میں ایک اور اہم تبدیلی بائیں جانب کھلنے اور بند ہونے والی سائیڈ بار کا اضافہ ہے۔
اس سائیڈ بار کے ذریعے صارفین اپنی حالیہ اے آئی موڈ سرچز اور سابقہ گفتگو تک دوبارہ رسائی حاصل کر سکیں گے، اس میں پرانی سرچز کھولنے، سابقہ سوالات سے گفتگو آگے بڑھانے اور نئی چیٹ شروع کرنے کی سہولت بھی شامل ہوگی۔
New on the Google desktop homepage globally: we’re rolling out a collapsible sidebar to easily find & jump back into your recent AI searches.
People are coming to Search with more questions that aren’t just one and done – and in testing, this sidebar made a big difference for making progress & continuing to explore the web.
A much simpler way to pick up where you left off.
— Robby Stein (@rmstein) November 19, 2026
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین کے مطابق صارفین اب ایسے سوالات کے ساتھ سرچ انجن کا رخ کر رہے ہیں جن کے جوابات صرف ایک مرتبہ سرچ کرنے سے مکمل نہیں ہوتے بلکہ انہیں مزید سوالات، معلومات اور تحقیق کی ضرورت ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزمائشی مرحلے کے دوران سائیڈ بار نے صارفین کو اپنی سابقہ سرچز سے دوبارہ جڑنے اور تحقیق کا سلسلہ جاری رکھنے میں خاصی مدد فراہم کی۔
کیا گوگل پر عام سرچ بھی ختم ہو جائے گی؟
نئے انٹرفیس کے باوجود گوگل کی بنیادی سرچ سہولت متاثر نہیں ہوگی، صارفین پہلے کی طرح سرچ باکس میں اپنا سوال یا مطلوبہ الفاظ لکھ کر کی بورڈ پر انٹر کا بٹن دبائیں گے تو انہیں روایتی گوگل سرچ نتائج ہی حاصل ہوں گے۔
یعنی عام سرچ کے لیے اب الگ گوگل سرچ بٹن دبانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اے آئی فیچرز استعمال کرنے کے لیے صارفین اپنی ضرورت کے مطابق متعلقہ آپشن منتخب کر سکیں گے۔
گوگل کے مطابق نئے ہوم پیج اور سائیڈ بار کی فراہمی عالمی سطح پر شروع کی جا رہی ہے تاہم یہ تبدیلی تمام صارفین تک مرحلہ وار پہنچے گی۔ ابتدائی طور پر یہ نیا انٹرفیس ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق گوگل کا یہ اقدام اس بات کی علامت ہے کہ کمپنی روایتی سرچ انجن کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ مزید مربوط کرنا چاہتی ہے۔
مستقبل میں سرچ کا تجربہ صرف ویب سائٹس اور لنکس تلاش کرنے تک محدود رہنے کے بجائے سوالات کے جوابات، تصاویر کی تخلیق، دستاویزات کے تجزیے اور طویل گفتگو پر بھی مشتمل ہو سکتا ہے۔
گوگل کی یہ تبدیلی اس کے سرچ انجن کی تاریخ میں اہم پیش رفت ہے کیونکہ کمپنی اب اپنے روایتی سرچ ہوم پیج کو جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے مطابق ڈھال رہی ہے۔



