ترکیہ کے شہر انطالیہ میں عالمی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ہونے والی COP31 کانفرنس کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئی، یورپی یونین اور متعدد ممالک نے ترکیہ اور آسٹریلیا کی مشترکہ قیادت میں پیش کردہ حتمی مسودے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عالمی حدت پر قابو پانے کی کوششوں کے لیے ناکافی قرار دیا۔
رائٹرز کے مطابق دو ہفتوں سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات مقررہ وقت سے دو روز آگے بڑھ گئے تاہم فوسل فیول کے استعمال میں کمی اور موسمیاتی مالی معاونت کے معاملے پر ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا نہ ہو سکا۔
کانفرنس کے صدر مرات کورم نے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی معاہدے پر اتفاق ممکن دکھائی نہیں دیتا اور وہ کوئی نیا مسودہ پیش نہیں کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ 196 ممالک نے فیصلہ کرنا ہے اور ان کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔ بعد ازاں وہ اجلاس میں شریک ممالک کے نمائندوں کی تقاریر کے دوران ہی اسٹیج سے چلے گئے۔
آسٹریلیا کے مذاکراتی صدر کرس بوون نے کانفرنس کی ناکامی کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوسل فیول اور موسمیاتی مالی معاونت سے متعلق اختلافات معاہدے کی راہ میں بنیادی رکاوٹ بنے۔
یورپی یونین اور پاناما کا حتمی مسودے سے اختلاف
آئرلینڈ کے وزیر ماحولیات ڈیرگ اوبرائن نے کہا کہ یورپی یونین مجوزہ معاہدے کی حمایت نہیں کر سکتی کیونکہ اس میں فوسل فیول کا کوئی واضح ذکر نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ناقابل قبول ہے کہ موسمیاتی معاہدے میں ایسے ایندھن کا ذکر ہی نہ ہو جو عالمی حدت میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں جبکہ ان کے استعمال سے بتدریج منتقلی کا بھی کوئی واضح راستہ موجود نہ ہو۔
#COP31’de Türkiye’nin elektrifikasyon hedefine Avrupa Birliği karşı çıktı.
— Suudi Arabistan, Rusya, Çin, Azerbaycan, Pakistan, Umman başta olmak üzere birçok ülkeden Türkiye’ye destek gelmeye başlayınca, AB heyeti toplantıyı apar topar terk etti. https://t.co/cUrWP3MGhS
— THS Haber (@thshaber) November 22, 2026
پاناما نے بھی حتمی مسودے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس میں موسمیاتی بحران کی سنگینی اور فوری اقدامات کی ضرورت کو مناسب طور پر تسلیم نہیں کیا گیا۔
سعودی عرب اور تیل پیدا کرنے والے ممالک پر دباؤ ڈالنے کا الزام
کانفرنس میں شریک مبصرین کے مطابق سعودی عرب اور دیگر بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک نے مذاکرات کے دوران ایسے حتمی مسودے کے لیے دباؤ ڈالا جس میں فوسل فیول کا واضح ذکر شامل نہ ہو تاہم کاربن کو فضا سے نکالنے والی ٹیکنالوجیز کی ترقی پر زور دیا گیا۔
سائنس دانوں کے مطابق کاربن ڈائی آکسائیڈ کو فضا سے نکالنے کی ٹیکنالوجی، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نمایاں کمی کے ساتھ مل کر، موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
تاہم معاہدے کے ناقدین کو خدشہ تھا کہ کاربن ریموول ٹیکنالوجی پر انحصار کو تیل کی پیداوار اور استعمال جاری رکھنے کے جواز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سعودی وفد کے ایک نمائندے نے اجلاس میں ٹیکنالوجی سے متعلق تجاویز کی مخالفت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر موسمیاتی بحران واقعی اتنا اہم ہے تو اس کے ٹھوس حل کو مذاکرات سے خارج کرنا مناسب نہیں۔
COP31 کانفرنس ایسے وقت منعقد ہوئی جب اقوام متحدہ کے ماحولیاتی ادارے نے اکتوبر میں خبردار کیا تھا کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے تجاوز کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ 2015 میں پیرس میں ہونے والے عالمی موسمیاتی معاہدے کے تحت ممالک نے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو صنعتی دور سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے کافی کم رکھنے اور اسے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کی کوشش پر اتفاق کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے سے شدید گرمی، خشک سالی، سیلاب، سمندری طوفان اور سطح سمندر میں اضافے جیسے خطرات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔
ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالی معاونت کا معاملہ بھی اختلافات کی اہم وجہ
کانفرنس میں ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالی معاونت کا معاملہ بھی اختلافات کی اہم وجہ رہا۔ ترقی پذیر ممالک کا مطالبہ ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کو نقصانات سے نمٹنے، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی موافقت کے لیے زیادہ مالی وسائل فراہم کیے جائیں۔
دوسری جانب ترقی یافتہ ممالک اور یورپی یونین کی جانب سے فوسل فیول سے بتدریج منتقلی کے واضح اہداف پر زور دیا جاتا رہا جبکہ تیل پیدا کرنے والے ممالک نے کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بھی اہم حل قرار دیا۔
2009 کے بعد مذاکرات کی بڑی ناکامی
اقوام متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات میں یہ ناکامی اس اعتبار سے اہم ہے کہ 2009 میں کوپن ہیگن میں ہونے والی کانفرنس کے بعد پہلی مرتبہ عالمی موسمیاتی اجلاس کسی جامع معاہدے کے بغیر ختم ہوا ہے۔
عالمی سطح پر جاری جنگوں، معاشی دباؤ اور مہنگائی کے باعث بھی موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر سیاسی توجہ متاثر ہوئی ہے۔
تاہم کانفرنس میں کسی نئے سیاسی اعلامیے پر اتفاق نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ گزشتہ موسمیاتی اجلاسوں میں طے پانے والی ذمہ داریاں ختم ہو گئی ہیں۔ پیرس معاہدے سمیت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پہلے سے موجود عالمی قانونی اور تکنیکی فریم ورک بدستور برقرار رہیں گے۔



