گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کو اپنے وطن واپس جانا ہو گا، وفاقی اور صوبائی حکومت کی غیر قانونی افغان باشندوں سے متعلق پالیسی ایک ہی ہے۔
پشاور میں ڈاکٹروں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان آنے کے خواہش مند افغان شہریوں کو درست ویزا حاصل کرنا ہو گا، اور کسی بھی غیر ملکی کو قانونی دستاویزات کے بغیر ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے صوبے کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں شعبہ صحت کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور صحت کے شعبے میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہاؤس آفیسرز کی ماہانہ 70 ہزار روپے تنخواہ ناکافی ہے جس پر نظرثانی کی جائے گی۔ جبکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) اور ہاؤس آفیسرز تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کے لیے سراپا احتجاج تھے تاہم گورنر فیصل کریم کنڈی کی گزشتہ ماہ یقین دہانی کے بعد انہوں نے احتجاج ختم کر دیا تھا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صحت کی سہولیات پنجاب اور سندھ کے طرز پر بہتر بنانا ہوں گی، اور صوبے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سابق پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں کوئی نیا اسپتال تعمیر نہیں کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سابق حکومتوں کے اچھے اقدامات جاری رکھے جانے چائییں، جبکہ سرکاری خدمات کی بہتری کے لیے احتساب اور کارکردگی کی بنیاد پر انعام کا مؤثر نظام ضروری ہے۔
انہوں نے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق کہنا تھا کہ صارفین بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کریں، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے صارفین کا تعاون بھی ضروری ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے وفاقی حکومت سے شکوہ کیا کہ صوبے کو اس کے جائز وسائل فراہم نہیں کیے جارہے، اس صورتحال میں تبدیلی آنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کو ترقی یافتہ مستقبل کی جانب لے جانے کے لیے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا اور عوامی سہولیات بہتر بنانا ضروری ہے۔


