سی ٹی ڈی سوات اور پاک فوج نے پشاور کے علاقے متنی میں مشترکہ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
خیبر پختونخوا میں 16 اور 17 نومبر کو بھی مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 14 نومبر کو بھی سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 20 نومبر کو اپنے دورہ میران شاہ کے موقع پر خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں سخت جدوجہد سے حاصل کردہ امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے پاسانی روڈ ادیزی خوڑ پر سی ٹی ڈی کی سوات ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کی جس پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، پستول، 3 ہینڈ گرنیڈ، 5 میگزین اور شناختی کارڈز برآمد ہوئے جو سرکاری تنصیبات پر حملوں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔


