ایران کی نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور زہرا بہروز آذر نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں 623 ایرانی بچے شہید ہوئے۔
امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کی شہری آبادی اور تعلیمی اداروں کو پہنچنے والے نقصانات عالمی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ جنگ کے پہلے روز 28 فروری کو ایران کے جنوبی شہر میناب میں واقع شجرہ طیبہ گرلز اسکول پر میزائل حملہ ہوا تھا، جس میں 150 سے زائد طالبات اور اساتذہ جاں بحق ہوئے تھے۔ اس واقعے پر نہ صرف ایران کا بلکہ عالمی سطح پر بھی شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق زہرا بہروز آذر نے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ جنگ میں بچوں کی شہادتیں انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ یہ بچے ایران کا مستقبل اور امید تھے۔
انہوں نے شہید ہونے والے بچوں اور نوجوانوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران صرف بچے شہید نہیں ہوئے بلکہ بڑی تعداد میں بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔
زہرا بہروز آذر نے میناب میں جاں بحق ہونے والے بچوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے لامرد اور ملک کے دیگر علاقوں میں جنگ کے دوران شہید ہونے والے بچوں کا بھی ذکر کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ جنگ اور دشمن کی مبینہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے اثرات صرف جانی نقصان تک محدود نہیں بلکہ پابندیوں اور معاشی دباؤ نے بھی بچوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔
زہرا بہروز نے کہا کہ طویل عرصے سے عائد اقتصادی پابندیوں کے باعث بالخصوص سنگین بیماریوں میں مبتلا بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جنہیں علاج کیلیے مخصوص ادویات درکار ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں ادویات تیار کرنے والی مقامی تنصیبات پر حملوں نے بھی مریضوں کے لیے ضروری ادویات کی تیاری اور تقسیم کے عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
خیال رہے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں سے اپریل میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ہوئی، جبکہ جون میں دونوں ممالک نے مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کیا، جس میں آبنائے ہرمز کی بحالی، اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد اثاثوں اور جوہری پروگرام سے متعلق امور شامل تھے۔ تاہم اختلافات برقرار رہنے کے باعث اگست میں مفاہمتی یادداشت کی مدت ختم ہو گئی، جس کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔



