ایران نے امریکی بحری ناکہ بندی کے خلاف سخت ردعمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جنگی اقدام ہے اور تہران اسے توڑنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
امریکی بحری ناکہ بندی کا آغاز پہلی مرتبہ 13 اپریل 2026 کو ہوا تھا جب پاکستان میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئے تھے تاہم جون میں تہران کے ساتھ مفاہمت کے بعد یہ ناکہ بندی اٹھا لی گئی تھی، جسے بعد ازاں 14 جولائی 2026 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان پر دوبارہ نافذ کردیا گیا جو اب تک جاری ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران اپنے معاشی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کا حق رکھتا ہے، تاہم سفارتی حل کے امکانات بھی بدستور موجود ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق قطر کا ایک اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز تہران پہنچا، جہاں ایرانی حکام کے ساتھ تقریباً دو گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے۔ یہ ملاقات امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کی بحالی کی کوششوں کا حصہ تھی۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی دراصل جنگی کارروائی ہے۔ ایران اس صورتحال کو قبول نہیں کرے گا اور ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔
#Iran’s Deputy Foreign Minister Kazem Gharibabadi says that Iran will take any necessary action to break the economic blockade, adding that this position has been communicated to other parties and mediators and that the US is naturally aware of these stances and measures. https://t.co/gIde6mnomw
— Iran Nuances (@IranNuances) November 21, 2026
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اس سے قبل واضح کرچکے ہیں کہ امریکی بحری ناکہ بندی ختم کیے بغیر ایران کے لیے تیل کی برآمدات معمول پر لانا ممکن نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ تہران تیل کی برآمدات کی بحالی اور سفارتی حل کے لیے بیک وقت کوششیں کررہا ہے۔
قطر کا اہم کردار، ایرانی حکام کی تصدیق
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق قطری وفد نے جمعے کی شب تہران کا دورہ کیا اور ایرانی حکام سے تقریباً دو گھنٹے تک مذاکرات کیے۔ ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ قطر دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور سفارتی پیغامات کے تبادلے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران قطر سمیت مختلف ثالثوں کے ساتھ بالمشافہ اور آن لائن رابطے میں ہے اور اس بات پر مشاورت جاری ہے کہ سفارت کاری کو ایک اور موقع دیا جاسکتا ہے یا نہیں۔
#Iran’s Deputy Foreign Minister Gharibabadi says a Qatari delegation visited Tehran last night and that they held a two-hour session. He added that the "two-day plan" is Iran’s only proposed plan currently on the table. #Qatar https://t.co/gq9SI2Sxvu
— Iran Nuances (@IranNuances) November 21, 2026
قطری وفد کے دورے کا مقصد بھی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے کوششیں کرنا تھا۔ امریکی میڈیا رپورٹس میں قطری وفد کی قیادت سینئر سفارت کار علی الثوادی کے سپرد ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کردہ دو روزہ منصوبہ اس وقت مذاکرات کی میز پر موجود بنیادی تجویز ہے۔ ان کے مطابق امریکہ اگر ایران کی شرائط پوری کردے تو تہران کی جانب سے بھی ضروری اقدامات تیزی سے کیے جاسکتے ہیں۔
ایرانی مطالبات میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، امریکی بحری اور معاشی ناکہ بندی کا خاتمہ اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی رہائی شامل ہیں۔
غریب آبادی کے مطابق امریکی وعدوں پر عملدرآمد کی تصدیق میں زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا اور بعض اقدامات کی تصدیق اسی روز جبکہ دیگر کی ایک سے دو روز میں ہوسکتی ہے۔
آبنائے ہرمز کی بحالی بھی معاہدے سے مشروط
ایران نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کو بھی مذاکرات سے منسلک کردیا ہے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق اگر امریکا اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے تو ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے اقدامات کرسکتا ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے۔ اس میں رکاوٹوں اور امریکی ناکہ بندی کے باعث عالمی توانائی کی منڈیوں، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی بحری تجارت پر دباؤ بڑھا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق قطر اور دیگر ثالثوں کے ذریعے رابطے جاری ہیں تاہم امریکا کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کا نیا دور تاحال شروع نہیں ہوا۔ تہران کا کہنا ہے کہ وہ سفارت کاری کے لیے تیار ہے لیکن اس کے لیے امریکی ناکہ بندی اور دیگر مطالبات پر پیش رفت ضروری ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن تہران کی شرائط واشنگٹن کے لیے قابل قبول نہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو طویل مدت تک برقرار رہے اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکے۔



