بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن ردالفتنہ-3‘ کے تحت کارروائیوں کے دوران 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں 5 جبکہ دوسری کارروائی کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے اور بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقے دہشتگردوں سے کلیئر کرا لئے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے 15 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خارجیوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش
وزیرداخلہ نے 15 خوارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) November 21, 2026
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔



