پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ کے بارے میں پُراعتماد ہیں۔ جلد ہی آپ کو نظر آئے گا کہ جو رنز رکے ہوئے ہیں وہ دوبارہ آنا شروع ہو جائیں گے۔
بابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے سری لنکا کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے شکست دی ہے۔ دونوں ٹیسٹ میچز کی 3 اننگز میں بطور کپتان انہوں نے 92 رنز بنائے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز کی کنڈیشنز زیادہ مشکل نہیں تھیں کیونکہ ڈومیسٹک میں بھی ایسی پچز پر کھیل رکھا ہے۔ بطور ٹیم آپ کو ہر طرح کی کنڈیشنز کیلئےتیار رہنا چاہیے۔
Pleased with the performances, particularly the emergence of young talent 💫
Pakistan Test captain Babar Azam reflects on the team’s showing against Sri Lanka and the road ahead 🏏
#PAKvSL | #CricketKaJashan https://t.co/HlIQUqC5nK
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 21, 2026
ٹیم کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہ نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی خوش آئند ہے۔ محمد عباس تجربہ کار بولر ہیں دیگربولرز کو ان کے تجربے سے سیکھنا چاہیے۔
بابر اعظم نے ثاقب خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمدہ کنٹرول کے ساتھ بولنگ کروائی جبکہ طیب عارف اور محمد طحہ ہماری بیٹنگ کا مستقبل ہیں۔
انہوں نے اپنی بیٹنگ کے بارے میں کہا کہ وہ اس معاملے میں پُراعتماد ہیں ۔ غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کروں گا۔ جلد آپ کو نظر آئے گا کہ جو رنز رکے ہوئے ہیں وہ دوبارہ آنا شروع ہو جائیں گے۔
بابر اعظم کے کیرئیر پر ایک نظر
لاہور میں پیدا ہونے والے بابر اعظم کا تعلق کرکٹ سے وابستہ اکمل برادران کے خاندان سے ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جونیئر کرکٹ میں مختلف مراحل طے کیے۔ وہ 2008 میں انڈر 15 کرکٹ کا حصہ بنے جبکہ 2010 اور 2012 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔
بابر اعظم نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں مسلسل3 سنچریاں اسکور کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس وقت ان کی عمر 21 سال تھی۔ اس سے قبل وہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرچکے تھے جس کے پہلے میچ میں انہوں نے نصف سنچری بنائی تھی۔
ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد انہیں ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل کرلیا گیا۔ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد بابر اعظم نے پاکستان کے نمایاں بلے باز کے طور پر اپنی جگہ مستحکم کرنا شروع کردی۔
2018 تک بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل میں 2 ہزار رنز مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر دوسرے تیز ترین بیٹر بن چکے تھے۔ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے تیز ترین بیٹر بھی بنے۔
بابر اعظم نے 2022 میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے سرفہرست تین بیٹرز میں جگہ بنائی۔ اسی سال انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 11 سو 84 رنز اسکور کیے جن میں چار سنچریاں شامل تھیں۔
2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی اور ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کے بعد بابر اعظم کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی فارم بھی متاثر ہوئی اور 2023 اور 2024 کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں وہ صرف ایک نصف سنچری اسکور کرسکے جبکہ ان کی اوسط 21.36 رہی۔
2023 کے اواخر میں انہوں نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد ٹیم میں ان کی حیثیت ایک سینئر کھلاڑی کی رہی،اس وقت وہ صرف پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔


