امریکا میں بڑے پیمانے پر ’تکنیکی خرابیوں‘ اور سائبر حملوں سے سرکاری محکموں، مائیکروسافٹ سروسز، اور فضائی آپریشن میں تعطل پر ٹرمپ انتظامیہ نے بالآخر ایکشن لیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے نیشنل سائبر ڈائریکٹر شان کیرن کراس کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گزشتہ ایک ہفتے سے ٹیکنالوجی نظام میں تعطل کے متعدد واقعات پر ٹرمپ انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ان واقعات میں مائیکروسافٹ سسٹم اور سروسز میں عالمی سطح پر خرابی شامل ہے جس سے کروڑوں صارفین متاثر ہوئے جبکہ امریکا میں فلائٹ آپریشن کی ملک گیر معطلی کے باعث 18 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔
شان کیرن کراس وفاقی حکومت میں سائبر سکیورٹی سے متعلق پالیسی اور حکمت عملی کی نگرانی کرتے تھے۔ رائٹرز کے مطابق محکمہ دفاع کی چیف انفارمیشن آفیسر کرسٹن ڈیوس عارضی طور پر یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے شان کیرن کراس کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کی مکمل حمایت کی۔
شان کیرن کراس نے جمعرات کی شب اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ میں خدمات انجام دینا ان کی زندگی کا بڑا اعزاز تھا۔
سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے رائٹرز کو بتایا کہ حالیہ تکنیکی خرابیوں کا تعلق ممکنہ طور پر مصنوعی ذہانت کے دور میں سافٹ ویئر کی نئی خامیوں کی نشاندہی اور انہیں فوری طور پر دور کرنے کی کوششوں سے ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق جدید اے آئی ٹولز کمپنیوں کے لیے سائبر سکیورٹی نظام کی کمزوریوں کا پتا لگانا آسان بنا رہے ہیں۔
امریکا کے اعلیٰ انٹیلی جنس عہدیدار نے بدھ کو کہا تھا کہ یہ واقعات الگ الگ سطح پر سروسز کے تعطل کا باعث بنے جن کی وجہ نظام کی دیکھ بھال اور تکنیکی تبدیلیاں تھیں اور ان کا تعلق کسی مربوط یا ریاستی سرپرستی میں کیے گئے سائبر حملے سے نہیں تھا۔
ریپبلکن سینیٹر جوش ہولی نے منگل کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو ان واقعات پر قانون سازوں کو بریفنگ دینی چاہیے تاکہ وہ امریکی عوام کو صورت حال سے آگاہ کر سکیں۔
شان کیرن کراس اس عہدے پر تعیناتی سے قبل ریپبلکن نیشنل کمیٹی میں اعلیٰ عہدیدار تھے۔ ان کے مستقل جانشین کی تقرری کے لیے امریکی سینیٹ کی منظوری درکار ہوگی، جہاں جنوری سے ڈیموکریٹس کو اکثریت حاصل ہو جائے گی۔



