خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک خودکش حملہ آور کو ہلاک کر کے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
لکی مروت میں گزشتہ چند ماہ سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں بھی لکی مروت پولیس نے مقابلے کے بعد ایک خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعہ میں ایک دہشت گرد زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا تھا۔
حالیہ واقعہ سے متعلق خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ تھانہ براگی کی حدود میں ایک مزدا گاڑی کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے کارروائی کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کو کچھ عرصے سے اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ اس گاڑی کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والی آئی ای ڈی تیار کی گئی ہے، ان اطلاعات پر لکی مروت پولیس نے آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا اور گشت اور چیک پوائنٹس بھی بڑھا دیں۔
ترجمان کے مطابق گاڑی کی نشاندہی کرکے کارروائی کی گئی جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہوا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی، مقامی پولیس اور کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے جبکہ علاقے میں آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے گاڑی کا معائنہ شروع کر دیا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں موجود ڈرموں میں بڑی مقدار میں بارود موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم اس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
جاری بیان کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کارروائی پر لکی مروت پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے فتنہ الخوارج کے مذموم مقاصد ناکام بنا کر درجنوں قیمتی جانیں بچائی ہیں۔
ترجمان کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کی حفاظت کے لیے سینہ سپر ہیں اور فتنہ الخوارج کو نشان عبرت بنا کر دم لیں گے۔



