سپریم کورٹ آف پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی عدالتوں کے فیصلوں پر پاکستان میں عملدرآمد سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ابوظہبی کورٹ آف اپیل کی ڈگری پاکستان میں براہِ راست قابلِ عمل نہیں، عدالت نے 2 کے مقابلے میں ایک کی اکثریت سے پاکستانی کمپنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ لاہور کے احکامات کالعدم قرار دے دیے ہیں۔
2011 میں پاکستانی کمپنی انجینئرنگ کائنیٹکس پرائیویٹ لمیٹڈ اور متحدہ عرب امارات کے ایک فریق کے درمیان پائپوں کی تیاری اور تنصیب کا تجارتی معاہدہ ہوا تھا۔ بعد ازاں معاہدے پر عملدرآمد اور مالی واجبات کے حوالے سے تنازع پیدا ہوگیا، جس پر معاملہ متحدہ عرب امارات کی عدالتوں میں پہنچ گیا اور ابو ظہبی کی عدالت نے پاکستانی کمپنی کے خلاف مالی ڈگری جاری کی۔
سپریم کورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات ایک وفاقی ریاست ہے جہاں دو الگ عدالتی نظام، وفاقی اور مقامی سطح پر موجود ہیں۔ حکومت پاکستان نے 2007 کے نوٹیفکیشن کے تحت صرف متحدہ عرب امارات کی وفاقی کورٹ آف اپیل کو سول پروسیجر کوڈ کی دفعہ 44-A کے مقاصد کے لیے اعلیٰ عدالت تسلیم کیا تھا، اس لیے ابوظہبی کی مقامی عدالت کے فیصلے کو پاکستان میں براہِ راست نافذ نہیں کیا جاسکتا۔
مقدمے کی سماعت جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی تھی۔ دونوں ججوں نے 10 فروری 2026 کو سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تاہم بعد ازاں قانونی نکتے پر اختلاف رائے پیدا ہوگیا، جس کے باعث معاملہ سپریم کورٹ رولز کے تحت ریفری جج کو بھجوا دیا گیا۔
جسٹس منیب اختر نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ابوظہبی کورٹ آف اپیل متحدہ عرب امارات کی مقامی عدالت ہے جبکہ 2007 کے حکومتی نوٹیفکیشن میں صرف وفاقی کورٹ آف اپیل کو تسلیم کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جسٹس عرفان سعادت خان نے اختلافی نوٹ میں غیر ملکی ڈگری کو پاکستان میں قابلِ عمل قرار دینے کے حق میں رائے دی تھی۔
ریفری جج نے جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے اتفاق کرلیا
ریفری جج جسٹس محمد شفیع صدیقی نے جسٹس منیب اختر کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے درخواست منظور کرنے کی رائے دی۔ اس طرح جسٹس منیب اختر اور ریفری جج جسٹس محمد شفیع صدیقی کی اکثریتی رائے کے نتیجے میں 19 نومبر 2026 کو سپریم کورٹ نے 2-1 کی اکثریت سے حتمی فیصلہ سنایا جبکہ جسٹس عرفان سعادت خان کا اختلافی نوٹ بھی فیصلے کا حصہ ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ متحدہ عرب امارات کے آئینی ڈھانچے کے تحت وفاقی عدالتی نظام کے ساتھ بعض امارات میں مقامی عدالتی نظام بھی کام کرتا ہے، ابوظہبی کی عدالتیں مقامی عدالتی نظام کا حصہ ہیں، اس لیے ان کے فیصلوں کو وفاقی عدالتوں کے فیصلوں کے برابر قرار نہیں دیا جاسکتا۔
عدالت کے مطابق متحدہ عرب امارات کے آئین میں وفاقی اور مقامی عدالتی نظام کے دائرہ اختیار الگ الگ متعین ہیں، حکومت پاکستان کے 2007 کے نوٹیفکیشن کو بھی اسی آئینی اور قانونی تناظر میں سمجھنا ضروری ہے۔
ابوظہبی کی عدالت نے پاکستانی کمپنی کے خلاف مالی ڈگری جاری کی
17 جون 2014 کو ابوظہبی کی کورٹ آف فرسٹ انسٹینس نے پاکستانی کمپنی کے خلاف 465 ہزار 933 اماراتی درہم کی ادائیگی کی ڈگری جاری کی، جس میں پانچ فیصد سالانہ سود، 50 ہزار درہم اور دیگر اخراجات بھی شامل تھے۔
بعد ازاں 20 جنوری 2015 کو ابوظہبی کورٹ آف اپیل نے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا اور وکلا کی فیس سے متعلق رقم میں بھی اضافہ کیا، ڈگری ہولڈر نے رقم کی وصولی کے لیے پاکستان میں عدالتی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
لاہور کی ڈسٹرکٹ کورٹ اور ہائیکورٹ نے اعتراضات مسترد کردیے
ڈگری ہولڈر نے متحدہ عرب امارات کی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ڈسٹرکٹ کورٹ لاہور سے رجوع کیا اور سول پروسیجر کوڈ کی دفعہ 44-A کے تحت رقم کی وصولی کی درخواست دائر کی۔
پاکستانی کمپنی نے مؤقف اختیار کیا کہ ابوظہبی کورٹ آف اپیل کو پاکستان میں براہِ راست عملدرآمد کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے تسلیم شدہ اعلیٰ عدالت قرار نہیں دیا جاسکتا تاہم ڈسٹرکٹ کورٹ لاہور نے کمپنی کے اعتراضات مسترد کردیے، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے بھی 25 نومبر 2022 کو ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا۔ جس کے بعد پاکستانی کمپنی نے دونوں عدالتی احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔
2007 کا حکومتی نوٹیفکیشن فیصلے کی بنیاد بن گیا
سپریم کورٹ میں مقدمے کا بنیادی قانونی نکتہ حکومت پاکستان کا 6 مارچ 2007 کا نوٹیفکیشن تھا، جس کے تحت متحدہ عرب امارات کی وفاقی کورٹ آف اپیل کو سول پروسیجر کوڈ کی دفعہ 44-A کے مقاصد کے لیے اعلیٰ عدالت تسلیم کیا گیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ دفعہ 44-A کے تحت صرف اس غیر ملکی عدالت کی ڈگری پاکستان میں براہِ راست نافذ ہوسکتی ہے جسے وفاقی حکومت نے متعلقہ قانونی تقاضوں کے تحت تسلیم کیا ہو۔ ابوظہبی کی مقامی کورٹ آف اپیل اس نوٹیفکیشن کے دائرے میں شامل نہیں، اس لیے اس کی ڈگری پر براہِ راست عملدرآمد نہیں ہوسکتا۔



