امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے اہم ڈیٹا بیس پر ہونے والے سائبر حملے کے واقعے پر ناگواری کا اظہار کیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے ہفتے کو رپورٹ کیا تھا کہ ایف بی آئی کے حساس جرائم سے متعلق ڈیٹا بیس پر ہیکرز نے حملہ کیا اور نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر (این سی آئی سی) نامی اس ڈیٹا بیس میں ممکنہ طور پر غیر مجاز رسائی حاصل کی۔
امریکی میڈیا نے اس معاملے سے واقف دو افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایف بی آئی اس ممکنہ سکیورٹی خلاف ورزی کی تحقیقات کر رہا ہے۔ تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیکرز نے ڈیٹا بیس تک کس حد تک رسائی حاصل کی، آیا کوئی معلومات چوری کی گئیں یا اس واقعے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے روزمرہ کام متاثر ہوئے ہیں۔
صدر ٹرمپ سے ہفتے کو ’فاکس نیوز‘ کو دیے جانے والے انٹرویوکے دوران جب ایف بی آئی کے ڈیٹا بیس پر سائبر حملے سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بارے میں ابھی معلوم ہوا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایف بی آئی پر سائبر حملہ خوش آئند نہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر امریکہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک انتہائی اہم معلوماتی نظام ہے۔ اس ڈیٹا بیس کے ذریعے وفاقی، ریاستی اور مقامی پولیس ادارے مختلف نوعیت کی حساس معلومات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کے درمیان شیئر ہونے والی معلومات میں گرفتاری کے وارنٹ، مطلوب افراد کا ریکارڈ، مجرمانہ پس منظر اور دیگر سکیورٹی سے متعلق تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔
این سی آئی سی کا نظام پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو فوری طور پر معلومات تک رسائی فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے جرائم کی تحقیقات، مشتبہ افراد کی شناخت اور پس منظر کی جانچ جیسے معاملات میں معاونت ملتی ہے۔
تاہم، فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ مبینہ سائبر حملے میں ایف بی آئی کا کس قسم کا ڈیٹا متاثر ہوا ہے۔
ایف بی آئی کے ڈیٹا بیس میں مبینہ مداخلت کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ گزشتہ ہفتے مختلف شعبوں میں تکنیکی خرابیوں اور سروسز کی بندش کا سامنا کر چکا ہے۔
ان واقعات کے دوران بینکاری، فضائی ٹریفک کنٹرول اور دیگر اہم شعبے متاثر ہوئے تھے۔
حکام نے ان تکنیکی مسائل کو سائبر حملوں کا نتیجہ قرار نہیں دیا تھا، تاہم مسلسل پیش آنے والی بندشوں نے امریکی قانون سازوں کی توجہ ملک کے اہم ڈیجیٹل نظاموں کی سکیورٹی اور ان کے تحفظ کے انتظامات کی جانب مبذول کرائی ہے۔
امریکہ میں سائبر سکیورٹی کے معاملات پر بحث اس وقت مزید اہم ہو گئی جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ہفتے وائٹ ہاؤس کے نیشنل سائبر ڈائریکٹر شان کیرنکراس کو عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس ذمہ داری کے لیے موزوں نہیں تھے۔
تاہم، ایف بی آئی کے ڈیٹا بیس میں مبینہ مداخلت اور سائبر سکیورٹی کے سربراہ کی برطرفی کے درمیان کسی براہ راست تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ایف بی آئی کے کمپیوٹر نظاموں کو سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ گزشتہ برس ستمبر میں ایف بی آئی نے تصدیق کی تھی کہ وہ سائبر جرائم پیشہ گروپ ’شائنی ہنٹرز‘ کی جانب سے کیے گئے ایک مبینہ سائبر حملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
اس گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایف بی آئی کے تقریباً 38 ہزار ملازمین سے متعلق حساس معلومات چوری کر لی ہیں۔




