پاکستان نے ایشیا کپ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، بھارت نے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دینے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل مسلسل بارش کے باعث نہ کھیلا جاسکا، جس کے بعد ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت میچ ریفری نے پاکستان کو چیمپئن قرار دے دیا۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم اس سے قبل 2002 اور 2006 میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ جبکہ 2023 میں آئی بی ایس اے ورلڈ گیمز کا گولڈ میڈل اور 2024 میں بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔ 2026 کا ایشیا کپ بلائنڈ ٹی 20 ٹائٹل اس کے لیے ایک اور اہم بین الاقوامی اعزاز ہے۔
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں تاہم خراب موسم اور مسلسل بارش کے باعث ایک گیند بھی نہ پھینکی جاسکی۔
ٹورنامنٹ کے قواعد کے مطابق فائنل منسوخ ہونے کی صورت میں لیگ مرحلے میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جانا تھا۔ یہ قواعد و ضوابط 7 نومبر کو تمام شریک ٹیموں اور اراکین کو بھیج دیے گئے تھے۔
Pakistan have been crowned champions of the Blind T20 Asia Cup after the final against India was abandoned due to persistent rain. The match referee declared Pakistan the winner, while the national team topped the tournament standings with victories in all three of their league matches.
— Muneeb Farrukh (@Muneeb313_) November 20, 2026
پاکستان نے لیگ مرحلے کے تینوں میچ جیت کر ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا اور پوائنٹس، نیٹ رن ریٹ اور باہمی مقابلے کے ریکارڈ میں بھارت پر برتری برقرار رکھی۔
پاکستان نے لیگ مرحلے میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت کو شکست دی تھی۔ بھارت کے خلاف اہم مقابلے میں پاکستان نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف لیگ میچ میں 179 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے اور ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم کے کپتان نثار علی نے 51 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کی کامیابی کے بعد بھارتی ٹیم نے اختتامی تقریب کا بائیکاٹ کیا اور اسٹیڈیم سے چلی گئی۔ بھارتی حکام نے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دینے کا مطالبہ کیا۔
The trophy was awarded to Pakistan without the final being played.
WBCC President and Pakistan Blind Cricket Council President Sultan Shah overruled the WBCC Technical Committee’s decision to declare joint winners, forcing the match referee to announce the same decision. https://t.co/XHoRsSo48D
— Cricket Association for the Blind in India (CABI) (@blind_cricket) November 20, 2026
دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر عبداللہ الفواد نے بطور مہمان خصوصی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ رنگپور رائیڈرز کے ڈائریکٹر شہزاد اکبر سبحان اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی تقریب میں موجود تھے۔
بھارت نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پاکستان لیگ مرحلے میں پہلے نمبر پر رہتے ہوئے فائنل میں پہنچا تھا۔



