پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد معطل ہونے والے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی جگہ کسی متبادل امیدوار کو لانے پر غور نہیں کیا جا رہا، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ صرف پارٹی بانی عمران خان ہی کرسکتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سہیل آفریدی کو عمران خان کا اعتماد حاصل ہے اور وہ موجودہ حالات میں پارٹی کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔
سوشل میڈیا پر سہیل آفریدی کے خلاف خبریں زیرگرش ہیں کہ انہیں وزارت اعلیٰ کے عہدے سے فارغ کیا جا سکتا ہے جبکہ کچھ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی بیانات دیئے جا رہے ہیں کہ سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ہی گورنر راج ختم ہو گا۔
بیرسٹر گوہر کی جانب سے ایکس پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی کے کسی رکن، عہدیدار، پارلیمنٹیرین یا دیگر ذمہ دار کو وزیراعلیٰ کی نامزدگی یا تبدیلی سے متعلق اجلاس بلانے، اس میں شرکت کرنے، تجاویز پیش کرنے یا بحث کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے تمام اراکینِ صوبائی اسمبلی ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں خان صاحب کے ساتھ وفاداری نبھائی، ثابت قدم رہے اور ان کے ہر فیصلے پر لبیک کہا۔
تاہم سوشل میڈیا اور بعض ٹی وی چینلز پر وزیر اعلیٰ سے متعلق جاری غیر ضروری قیاس آرائیوں اور مختلف بحثوں کے پیشِ نظر، مزید وضاحت اور پارٹی کارکنان و سپورٹرز کے اطمینان کے لیے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا جارہا ہے- کہ ہماری پارٹی میں فیصلے صرف عمران خان صاحب کی ہدایات کے مطابق ہی ہوتے ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی انہی کی ہدایات اور فیصلے حتمی اور مقدم رہیں گے۔ شکریہ
— Barrister Gohar Khan (@BarristerGohar) October 29, 2026
بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا کہ متبادل امیدوار نامزد کرنے یا سابقہ فیصلے میں تبدیلی کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے اور اس معاملے پر ان کی ہدایات تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے لیے حتمی اور پابند ہوں گی۔
ایکس پر جاری بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی عمران خان کے ساتھ وفادار رہے ہیں، اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور ان کے فیصلوں پر عمل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مستقبل سے متعلق گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کے خاتمے اور پارٹی کارکنوں و حامیوں کو صورت حال واضح کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پارٹی میں فیصلے صرف عمران خان کی ہدایات کے مطابق کیے جاتے ہیں اور ان کے احکامات کو حتمی حیثیت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد سہیل آفریدی کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ پی ٹی آئی کے تازہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ان کی تبدیلی یا برقرار رہنے سے متعلق فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔



