تھرپارکر میں نگرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندل میں ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بی ایچ یو پلس میں کھڑی پی پی ایچ آئی ایمبولینس میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا، ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر تبدیل کرتے ہوئے آگ لگی تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین ، جسونت، اسحاق تھیبو، پاندھی راجڑ،دھنوں میگھواڑ اور دیگر شامل ہیں، دھماکے کے زخمیوں کو سول اسپتال مٹھی منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور محکمہ صحت کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ایس ایس پی تھرپارکر نے کہا کہ دھماکے میں ایمبولینس مکمل طور پر تباہ ہو گئی، واقعے کی تحقیقات کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
دریں اثنا صدر مملکت صدرِ مملکت آصف زرداری نے تھرپارکر میں ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارِ کیا ہے۔
صدر زرداری نے واقعے کی وجوہات کا فوری تعین کرنے کے لیے شفاف تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات مؤثر بنائے جائیں۔
پاکستان میں گاڑیوں، مسافر وینوں اور بسوں میں سلنڈر پھٹنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں، جن میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
8 جولائی 2023 کو پنجاب کے ضلع سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں کوٹ مومن روڈ پر مسافر وین میں ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔
15 اکتوبر 2023 کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں ایک گاڑی میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 2 خواتین جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
27 جنوری 2025 کو ملتان میں ایل پی جی سے بھرے ایک ٹینکر میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے۔ دھماکے سے قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں۔



