آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بچوں کو اسکول لے جانے والی گاڑی دریائے نیلم میں گرنے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بچوں کو لے جانے والی جیپ نگدر سے آٹھمقام جا رہی تھی، نگدرگھوڑے نکہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کا شکار تمام بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بھائی اور بہن بھائی شامل ہیں۔
دریائے نیلم میں گاڑی گرنے کے واقعات محض اس ایک سانحے تک محدود نہیں۔ اس سے پہلے بھی یہاں پر متعدد ہلاکت خیز حادثات رونما ہو چکے ہیں ، جن میں درجنوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ ان حادثات کی وجوہات میں سڑکوں کی خستہ حالی، خطرناک موڑ، گاڑیوں کی تکنیکی خرابیاں، تیز رفتاری، پھسلن اور ڈرائیوروں کی تھکن جیسے عوامل شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے دریا سے حسنین ولد ظہور عمر 12 سال ، زرید ولد ظہور ، تیفو ولد مشکور عمر 10 سال اور علین دختر مشکور کی لاشیں لاشیں نکال کر مقامی اسپتال منتقل کر دیں، جبکہ زخمی بچوں کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
زخمیوں میں راشدہ بی بی زوجہ ظہور، مشکور ولد ظفر اللہ عمر 50 سال، عبداللہ والد مشکور عمر 9 سال اور ایمن دختر ظہور عمر 12 سال شامل ہیں۔
خیال رہے ستمبر میں مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین لوئر موہڑا ہوتر کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 10 بچے اور ڈرائیور جھلس کر زخمی ہو گئے تھے۔
حادثے کے بعض زخمیوں کو راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا تاہم شدید جھلسنے والی 14 سالہ عائشہ دوران علاج دم توڑ گئی تھی جس کے تین دن بعد اس کا بھائی ارحم بھی زخموں کی تاب نہ لا کر موت کے منہ میں چلا گیا تھا۔



