وفاقی دارالحکومت کے کالجوں اور جامعات میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں خصوصی سہولت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
جس کے تحت طلبہ 42 روزہ لرنر پیریڈ مکمل کیے بغیر ایک ہی دن میں موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر(سی ٹی او) کائنات اظہرخان نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ طلبہ کو یہ سہولت یکم نومبر سے 30 نومبر 2026 تک فراہم کی جائے گی۔
اس دوران موٹر سائیکل لائسنس کے حصول کے لیے مقررہ 42 روزہ لرننگ پیریڈ کی شرط میں خصوصی رعایت دی جائے گی جس سے طلبہ کو لائسنس کے حصول میں آسانی ہوگی۔
اسلام آباد کے کالج اور یونیورسٹی طلبہ کیلئے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں خصوصی سہولت۔
یکم سے 30 نومبر 2026 تک طلبہ 42 روزہ لرنر پیریڈ کی شرط میں رعایت کے تحت موقع پر ہی موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے، چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان
#WeRIslamabadPolice
— Islamabad Police (@ICT_Police) October 28, 2026
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو قانونی طریقے سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنا اورانہیں ٹریفک قوانین کا پابند بنانا ہے، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ اس خصوصی مہم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق طلبہ کو موٹرسائیکل چلاتے وقت ٹریفک قوانین کی پابندی، ہیلمٹ کے استعمال اور محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنانا ہوگا۔
لائسنس کا حصول نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ سڑکوں پر اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔
سی ٹی او کائنات اظہر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔



