وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور پاک چین دوستی کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے، دونوں ممالک کے عوام میں باہمی سمجھ بوجھ بڑھانے اور ڈیجیٹل دور میں مشترکہ ترقی کے فروغ میں پل کا کردار ادا کرے گا۔ اگر سی پیک ہمارے مشترکہ مستقبل کا جسم ہے تو انفارمیشن کوریڈور اس کی آواز ہو گا۔
اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہو کر ابھری ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاک چین تعلقات مزید مستحکم بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کی داستانیں درہ خنجراب سے گوادر، کراچی اور ملک کے دیگر حصوں تک پھیلی ہوئی ہیں، جنہیں دونوں ممالک کے آباؤ اجداد نے نسل در نسل منتقل کیا۔ اس تاریخی ورثے کو آگے بڑھانا اور نئی نسلوں تک پہنچانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ ڈیجیٹل دور میں رابطہ طاقت اور بیانیے پر خودمختاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان اور چین حقائق پر مبنی معلومات کے تبادلے، باہمی اعتماد اور عوامی روابط کو فروغ دیں گے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے 2015ء کے دورہ پاکستان نے دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے اہم منصوبے کو آگے بڑھانے میں مدد دی۔ سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو منصوبے نے پاکستان میں توانائی، بنیادی ڈھانچے اور مواصلاتی رابطوں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ درہ خنجراب کے راستے بچھائی گئی فائبر آپٹک کیبل نے پاکستان اور چین کو ڈیجیٹل طور پر براہ راست جوڑ دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شی جن پنگ نے سی پیک 2.0 کے تحت ترقی، روزگار، جدت، ماحول دوست ترقی اور کشادگی کے نئے مواقع پر توجہ دینے کا خاکہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور چار بنیادی ستونوں پر قائم ہے، جن میں میڈیا، تجارت، تھنک ٹینکس اور ثقافت، سیاحت و نوجوانوں کے روابط شامل ہیں۔ پہلے ستون کے تحت پاکستان اور چین کے 18 میڈیا اداروں پر مشتمل نیوز ایکسچینج ورکنگ گروپ کام کر رہا ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ انفارمیشن کوریڈور میں گمراہ کن بیانیوں کی نشاندہی اور حقائق کی بنیاد پر ان کا جواب دینے کیلیے فیکٹ چیکنگ کا نظام بھی شامل ہے۔ تجارتی ستون کے تحت کراچی میں پہلا علاقائی دفتر قائم کیا جا چکا ہے، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق معلومات کے تبادلے کیلیے تجارتی پورٹل تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینکس کا ستون مشترکہ تحقیق، مکالمے اور اشاعتوں کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو علمی اور تحقیقی بنیاد فراہم کرے گا، جبکہ چوتھے ستون کے تحت ثقافتی روابط، سیاحت اور نوجوانوں کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان سیاحتی راہداری پر کام جاری ہے، پاک چین دوستی کے یادگاری سال کے موقع پر دوستی ریلی منعقد کرنے اور ملک بھر کی 13 جامعات سے نوجوانوں کو یوتھ ایمبیسیڈرز پروگرام کے لیے نامزد کرنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی آئی ٹی طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی دینے کے لیے وظائف کی تجویز پیش کی تھی۔ وزیراعظم کے اصرار پر علی بابا گروپ کے چیئرمین نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے مفاہمت کی یادداشت کا مسودہ تیار کیا، جس پر دورے کے دوران دستخط کر دیے گئے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کی شمولیت خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ، پاسپورٹ اور اسمارٹ فون ایک منڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مقام بنا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے چین کے میڈیا اداروں، تھنک ٹینکس، جامعات، کاروباری اداروں اور یوتھ ایمبیسیڈرز کو دعوت دی کہ وہ سی پیک کے ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ مکمل شراکت داری کریں۔
عطاء اللہ تارڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے ذریعے پاک چین دوستی کی کہانی ہر گھر اور ہر زبان تک پہنچائی جائے گی۔ یہ جھوٹ کا جواب حقائق، تنہائی کا جواب تبادلے اور بداعتمادی کا جواب اعتماد سے دے گی۔



